رونالڈو اور راموس کے گول، پرتگال نے کروشیا کو 2-1 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے آخری 16 میں جگہ بنالی

جمعہ 3 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پرتگال نے سنسنی خیز مقابلے میں کروشیا کو 2-1 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے آخری 16 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اس کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔

میچ کے پہلے ہاف میں پرتگال نے گیند پر زیادہ کنٹرول رکھا اور کئی اچھے مواقع پیدا کیے، تاہم کروشیا نے مضبوط دفاع اور مؤثر جوابی حملوں کے ذریعے مقابلہ برابر رکھا۔ وقفے تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔

مزید پڑھیں:فیفا ورلڈکپ 2026: تینوں میزبان ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

دوسرے ہاف کے 53ویں منٹ میں تجربہ کار ایوان پیریشیچ نے شاندار گول کر کے کروشیا کو برتری دلائی۔ تاہم پرتگال نے جلد ہی واپسی کی اور 68ویں منٹ میں کرسٹیانو رونالڈو نے پنالٹی پر گول کر کے اسکور 1-1 کر دیا۔ یہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں رونالڈو کا پہلا گول تھا۔

جب میچ اضافی وقت کی جانب بڑھ رہا تھا تو 90+4ویں منٹ میں رافائل لیاؤ کے عمدہ کراس پر گونکالو راموس نے ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول کر کے پرتگال کو 2-1 کی برتری دلا دی۔

کروشیا نے 90+13ویں منٹ میں جوسکو گواردیول کے ذریعے گول کر کے مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کی، لیکن وی اے آر جائزے کے بعد ماریو پاسالیچ کو آف سائیڈ قرار دیتے ہوئے گول مسترد کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:فیفا ورلڈکپ 2026 تنازعات کی زد میں: سیاست، مہنگے ٹکٹ اور ماحولیاتی خدشات پر شدید تنقید

میچ کے اختتامی لمحات میں شائقین کی جانب سے میدان میں بوتلیں اور دیگر اشیا پھینکے جانے کے باعث کھیل کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔ قریباً 19 منٹ کے اضافی وقت کے بعد ریفری نے اختتامی سیٹی بجائی اور پرتگال نے فتح اپنے نام کر لی۔

اس شکست کے ساتھ ہی لوکا موڈریچ کے پانچویں ورلڈ کپ میں کامیابی کے خواب کا بھی خاتمہ ہوگیا۔ موڈریچ کی قیادت میں کروشیا 2018 میں رنر اپ جبکہ 2022 میں تیسری پوزیشن حاصل کر چکا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp