۔
۔
بھارت کی ریاست اترپردیش کے ضلع کوشامبی میں ایک خوفناک حادثے میں ایل پی جی ٹینکر ٹول پلازہ سے ٹکرا کر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد لگنے والی آگ اس قدر شدید تھی کہ اسے 2 کلومیٹر دور سے بھی دیکھا جا سکتا تھا۔
حادثہ صبح تقریباً 6 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا، تاہم واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج سامنے آئی ہے۔
24 سیکنڈ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 ٹینکر ٹول پلازہ کی طرف آ رہے تھے، جب اچانک ایک ٹینکر بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا اور براہِ راست ٹول بوتھ سے جا لگا۔ ٹکر کے بعد ٹینکر سے گیس کا اخراج شروع ہوا جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔
حکام کے مطابق حادثے کا شکار ٹینکر کانپور سے پرتاپ گڑھ جا رہا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس کے شعلے تقریباً 2 کلومیٹر دور سے بھی دکھائی دے رہے تھے۔ آگ بجھانے کے لیے ضلع بھر کی فائر بریگیڈ ٹیموں کے ساتھ ساتھ سول پولیس اہلکاروں کو بھی موقع پر طلب کیا گیا۔
حادثے میں ٹینکر ڈرائیور 40 سالہ دھرمیندر دوبے اور ٹول پلازہ کے ملازم آلوک سنگھ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
بعد ازاں ٹول پلازہ کے کئی دیگر ملازمین بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں شامل انیل کمار (پرایاگ راج) دورانِ علاج یکم جولائی کو دم توڑ گئے، جبکہ ان کے ساتھی ہیرامنی سنگھ (رائے بریلی) اور کرشنا پال موریہ (مدھیہ پردیش) ایک روز بعد جان کی بازی ہار گئے۔
حادثے کے نتیجے میں ٹول پلازہ کے قریب کھڑی 16 موٹر سائیکلیں اور 2 کاریں بھی جل کر مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے کچھ دیر کے لیے ٹول پلازہ سے گاڑیوں کو بغیر فیس کے گزرنے کی اجازت دی گئی تاکہ ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک تکنیکی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے گی۔













