بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لیے پاکستان کو ورلڈ بینک کی بڑی مالی معاونت مل گئی

جمعہ 10 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پاکستان کے قومی بجلی ترسیلی نظام (گرڈ) کو مستحکم بنانے کے لیے 375.9 ملین ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منصوبہ  بوسٹنگ انرجی سیکیورٹی تھرو ٹرانسمیشن اِن پاکستان (BEST-PAK) کے تحت شروع کیے جانے والے 10 سالہ پروگرام کا پہلا مرحلہ ہے۔

ورلڈ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد پاکستان کے بجلی کے ترسیلی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، بجلی کی بندش میں کمی لانا اور گھریلو، تجارتی و صنعتی صارفین تک زیادہ سے زیادہ قابلِ تجدید توانائی پہنچانا ہے۔

ورلڈ بینک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے کہا کہ پاکستان کو درپیش توانائی کے مسائل ملک کی مجموعی معاشی صورتحال سے گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے ورلڈ بینک کی پاکستان کو این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے پر نظرثانی کی تجویز

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مضبوط ترسیلی نظام میں سرمایہ کاری سے بجلی کی لاگت میں کمی آئے گی، قومی گرڈ میں قابلِ تجدید توانائی کا حصہ بڑھے گا اور ایسا بجلی کا نظام تشکیل پائے گا جو گھریلو صارفین، کاروباری اداروں، صنعتوں اور مجموعی معیشت کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوگا۔

بجلی کی ترسیل بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی

ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان کا بجلی کا ترسیلی نظام طویل عرصے سے گرڈ کے عدم استحکام اور ترسیلی رکاوٹوں کا شکار ہے، جس کے باعث لاکھوں صارفین کو بار بار بجلی کی بندش، مہنگی بجلی اور معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس منصوبے کے تحت قومی گرڈ کو مستحکم بنانے کے لیے جدید آلات نصب کیے جائیں گے۔ تین بڑے 500 کے وی گرڈ اسٹیشنز پر اسٹیٹک سنکرونس کمپنسیٹرز (STATCOMs) نصب کیے جائیں گے، جبکہ 26 گرڈ اسٹیشنز پر فکسڈ ری ایکٹرز اور کیپیسیٹر بینکس بھی لگائے جائیں گے تاکہ بجلی کی ترسیل مزید مؤثر بنائی جا سکے۔

640 میگاواٹ اضافی ونڈ انرجی قومی گرڈ میں شامل ہوگی

منصوبے کے تحت اس وقت محدود استعمال ہونے والی 640 میگاواٹ ونڈ انرجی کو قومی گرڈ میں شامل کیا جائے گا، جس سے جنوبی پاکستان میں موجود 1,840 میگاواٹ ونڈ پاور کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیے ورلڈ بینک کا پاکستان کے 10 سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے حمایت کا اعادہ

اس کے علاوہ منصوبہ نجی شعبے کے تحت تیار کیے جانے والے تقریباً 491 میگاواٹ قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو بھی قومی گرڈ سے منسلک کرنے میں مدد دے گا۔

ورلڈ بینک کے مطابق یہ اقدامات پاکستان کے اس قومی ہدف کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے جس کے تحت 2030 تک بجلی کی مجموعی پیداوار میں 60 فیصد حصہ قابلِ تجدید توانائی سے حاصل کرنے کا منصوبہ ہے۔

کاربن اخراج میں نمایاں کمی

بیان کے مطابق اس منصوبے سے ہر سال تقریباً 8 لاکھ 32 ہزار 500 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی آئے گی، جبکہ 25 برسوں میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 8 لاکھ ٹن سے زائد کاربن اخراج روکا جا سکے گا۔

ورلڈ بینک کے لیڈ انرجی اسپیشلسٹ ولید صالح السریع نے کہا کہ پاکستان کے توانائی کے مستقبل کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور جدید ترسیلی نظام ناگزیر ہے۔

ان کے مطابق BEST-PAK پروگرام کا پہلا مرحلہ ملک میں بڑے پیمانے پر صاف توانائی کے فروغ، توانائی کے تحفظ، جدید ترسیلی ڈھانچے اور ادارہ جاتی اصلاحات کی راہ ہموار کرے گا، جس سے مستقبل میں نجی سرمایہ کاری کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔

این ٹی ڈی سی میں اصلاحات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تحفظ

ورلڈ بینک نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت پاکستان کی بجلی کی ترسیل کے شعبے میں جاری اصلاحات کی بھی حمایت کرے گا، جن کے تحت نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (NTDC) کی تنظیمِ نو کرکے اسے مختلف خصوصی اداروں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔

منصوبے کا مقصد گورننس، شفافیت، جوابدہی، ادارہ جاتی کارکردگی اور بجلی کے شعبے کی طویل المدتی پائیداری کو بہتر بنانا بھی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں دریائی اور شہری سیلاب، شدید گرمی اور دیگر موسمی خطرات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے ورلڈ بینک نے پنجاب کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 7 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

اسی تناظر میں منصوبے کے تحت نصب کیے جانے والے تمام نئے آلات کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا۔ انہیں زمین سے بلند پلیٹ فارمز پر نصب کیا جائے گا تاکہ سیلاب سے تحفظ حاصل رہے، جبکہ تمام آلات کو 55 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت میں مؤثر انداز میں کام کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔

ورلڈ بینک کے مطابق یہ اقدامات مون سون کے موسم اور شدید گرمی کی لہروں کے دوران بجلی کے ترسیلی نظام کی مسلسل اور قابلِ اعتماد کارکردگی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

حکومت کا 2 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کا دعویٰ، کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، حقیقت کیا ہے؟

اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان رابطہ، خطے کی صورتحال اور پاک سعودی تعلقات پر تبادلہ خیال

جنوبی وزیرستان:سیکیورٹی فورسز نے خودکش حملہ ناکام بنا دیا، 4 فتنہ الخوارج دہشتگرد ہلاک

مون سون بارشیں جاری، چناب میں درمیانے درجے کے سیلاب اور کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

ویڈیو

وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کا دعویٰ، کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، حقیقت کیا ہے؟

آزاد کشمیر الیکشن: گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی، کس کا پلڑا بھاری؟

پہلا ٹیسٹ: برائن لارا اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری

کالم / تجزیہ

ہوا دان، منگھ، بادگیر یا بادکش

قائداعظم کے بارے میں سازشی تھیوریز نہ گھڑیں

مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کا ابھرتا ہوا کردار