پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی آئندہ لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) 2026 میں کینڈی رائلز کی نمائندگی کریں گے۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ نے پیر کو ان کی شمولیت کی باضابطہ تصدیق کردی۔
لنکا پریمیئر لیگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہین شاہ آفریدی کی کینڈی رائلز کی جرسی میں ایک تشہیری ویڈیو جاری کرتے ہوئے ان کی آمد کا اعلان کیا۔ لیگ کی جانب سے کہا گیا کہ شاہین شاہ آفریدی ایل پی ایل 2026 میں کینڈی رائلز کا حصہ بن رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے کی غلطی نہ کریں، انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دی ہنڈرڈ فرنچائزز کو خبردار کردیا
اس اعلان سے ایک روز قبل سری لنکا کرکٹ نے بھی ایک مختصر تشہیری ویڈیو جاری کی تھی، جس میں بائیں ہاتھ کے ایک تیز گیند باز کی دوڑ، گیند بازی کے انداز اور فالو تھرو کو دکھایا گیا تھا، جسے شائقین نے شاہین شاہ آفریدی سے منسوب کیا تھا۔
لنکا پریمیئر لیگ 2026 کا انعقاد 17 جولائی سے 8 اگست تک ہوگا، جبکہ کینڈی رائلز اپنی مہم کا آغاز 18 جولائی کو ڈمبولا تھنڈرز کے خلاف کرے گی۔
View this post on Instagram
شاہین شاہ آفریدی دنیا کے صفِ اول کے فاسٹ بولرز میں شمار ہوتے ہیں اور وہ اس سے قبل بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ، متحدہ عرب امارات کی انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی، انگلینڈ کے دی ہنڈرڈ اور وائٹیلٹی بلاسٹ سمیت مختلف فرنچائز ٹورنامنٹس میں بھی شرکت کرچکے ہیں۔
وہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی قیادت کرتے ہوئے ٹیم کو تین مرتبہ چیمپئن بھی بنا چکے ہیں۔ شاہین نے پاکستان سپر لیگ کے 94 میچوں میں 138 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل10: بابراعظم، شاہین آفریدی، شاداب خان اور جیسن روئے کے لیے بڑے اعزاز کا اعلان
دریں اثنا، لنکا پریمیئر لیگ 2026 کے کھلاڑیوں کے انتخاب میں پاکستان کے مزید پانچ کرکٹرز بھی مختلف فرنچائزز کا حصہ بنے ہیں۔ گالے گیلنٹس نے محمد نواز کو منتخب کیا، جبکہ کولمبو کی ٹیم نے محمد حارث اور شہنواز دھانی کو اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔
اسی طرح ڈمبولا سکسرز نے محمد وسیم جونیئر کو منتخب کیا، جہاں وہ پہلے سے برقرار رکھے گئے پاکستانی بلے باز صاحبزادہ فرحان کے ہمراہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
لنکا پریمیئر لیگ 2026 کا افتتاحی میچ 17 جولائی کو دفاعی چیمپئن جافنا کنگز اور گالے گیلنٹس کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 5 ٹیمیں شرکت کریں گی۔














