برطانیہ کے بلند ترین پہاڑ پر چڑھائی کے دوران ایک کتا پراسرار طور پر شدید بیمار ہوگیا جسے ہنگامی امدادی ٹیم نے کئی کلو میٹر تک اسٹریچر پر اٹھا کر محفوظ مقام تک پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں: ’شرابی‘ ریکون دکان میں گھس کر کئی بوتلیں چٹ کرگیا، طویل ہینگ اوور
ماہرین حیوانات کے مطابق کتے کی حالت ممکنہ طور پر راستے میں پڑی بھنگ کھانے کے باعث خراب ہوئی۔
سیاہ رنگ کے لیبراڈور نسل کے کتے ’ٹوکیو‘ کو اسکاٹ لینڈ کے پہاڑ بین نیوس پر ریسکیو کیا گیا جہاں وہ اپنی مالکن کے ساتھ ہائیکنگ کے دوران اچانک بیمار ہوگیا تھا۔
ٹوکیو کی مالکن کرسٹینا بلوہم، جو سرے کی رہائشی اور کتوں کی تربیت کار ہیں، نے بتایا کہ چڑھائی کے دوران ان کے کتے نے اچانک چلنا چھوڑ دیا اس کی ٹانگوں نے کام کرنا بند کر دیا اور وہ ہوش و حواس کھونے لگا۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت پر انہیں لگا کہ شاید وہ ٹوکیو کو کھو دیں گی۔
کرسٹینا کے مطابق ٹوکیو زیادہ تر وقت بے ہوش رہا تاہم لوچابر ماؤنٹین ریسکیو ٹیم نے اسے اسٹریچر پر اٹھا کر پہاڑ سے نیچے پہنچایا۔
مزید پڑھیے: نیویارک میں پالتو جانوروں کا کھانا چرانے والا نقاب پوش ریکون نکلا
انہوں نے امدادی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوچابر ماؤنٹین ریسکیو ٹیم نہ ہوتی تو میرے لیے 25 کلو وزنی لیبراڈور کو اکیلے بین نیوس سے بحفاظت نیچے لانا ممکن نہیں تھا۔ ان کی مہربانی، پیشہ ورانہ انداز اور پرسکون مدد میرے لیے اس خوفناک دن میں بہت اہم تھی۔
بعد میں ویٹرنری ماہرین نے ٹوکیو کا معائنہ کیا اور بتایا کہ اس کی حالت درد کے بجائے اعصابی زہریلے اثرات (نیوروٹوکسی سٹی) کی وجہ سے خراب ہوئی تھی۔
کرسٹینا نے بتایا کہ خون کے ٹیسٹ کے علاوہ ڈاکٹروں نے بھنگ کے استعمال کی علامات بھی دیکھیں۔ ان کے مطابق سب سے واضح اشارہ اس وقت ملا جب جانور کا درجہ حرارت چیک کیا جا رہا تھا اور بھنگ کی تیز بو محسوس ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایسا تھا جیسے کسی ایسے شخص کے قریب کھڑے ہوں جو بھنگ پی رہا ہو۔
کرسٹینا نے دوسرے کتوں کے مالکان کو بھی خبردار کیا کہ وہ بیرونی مقامات پر اپنے پالتو جانوروں پر نظر رکھیں کیونکہ پارکوں، راستوں یا قدرتی مقامات پر بعض اوقات منشیات یا دیگر زہریلی چیزیں پڑی ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی تصور نہیں کیا تھا کہ ہمیں اتنی خوبصورت جگہ پر بھی ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
لوچابر ماؤنٹین ریسکیو ٹیم نے بھی ٹوکیو کی مکمل صحت یابی پر خوشی کا اظہار کیا اور فورٹ ولیم کی ویٹرنری ٹیم کی خدمات کو سراہا۔
مزید پڑھیں: کتے انسانوں کے دوست کتنے ہزار سال پہلے بنے؟
ٹوکیو اب مکمل طور پر صحت یاب ہو چکا ہے تاہم اس واقعے نے پالتو جانوروں کے مالکان کو ایک بار پھر خبردار کر دیا ہے کہ بیرونی مقامات پر موجود نامعلوم اشیا جانوروں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔














