یونان کشتی حادثہ میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا، ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 15 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ نے گزشتہ روز یونان کے ساحل کے قریب کشتی کے حادثے میں کسی بھی پاکستانی تارک وطن کی ہلاکت کی تردید کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یونان سے موصولہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق حادثہ میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا ہے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے یونان کے ساحل کے قریب کشتی حادثے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ دفتر خارجہ کے اکاؤنٹس کے مطابق چند مالی ادائیگیوں کے بعد قومی احتساب بیورو اب وزارت خارجہ کا نادہندہ نہیں رہا۔

ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے دورہ عراق کے دوران نجف اشرف میں پاکستانی قونصل خانہ کھولنے کی درخواست پر عراقی حکومت نے رضامندی ظاہر کی ہے۔ تاہم پاکستان اورعراق کے درمیان فیری سروس کے آغاز کے ضمن میں مذاکرات جاری ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق میجرریٹائرڈ عادل راجا کی گرفتاری کے حوالے سے معلومات برطانوی انتظامیہ سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے بحیرہ عرب میں تشکیل پانیوالے سمندری طوفان ’بپر جوائے‘ کے حوالے سے بھارت سے کسی پاکستانی رابطے کی بھی تردید کی۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں طویل عرصے سے مظالم جاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی املاک و جائیداد پر قبضے پر سخت تشویش ہے۔ ’پاکستان کشمیری حریت رہنماؤں کی زمینوں پربھارتی قبضے کی سخت مذمت کرتاہے۔‘

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاک ایران مشاورتی اجلاس 17 اور 18 جون کو تہران میں منعقد ہوگا، جس میں سیکریٹری خارجہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اسی طرح پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان آئندہ برس کے لیے باہمی تعاون پر بھی جلد اجلاس منعقد ہو گا، جس میں پاکستان بیلجیئم کے ساتھ تجارت، سیاحت، سرمایہ کاری سمیت متعدد شعبوں میں بات چیت کا خواہاں ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق خام تیل اور اس کی مصنوعات کی عالمی منڈیوں سے درآمد پاکستان کے لیے ضروری ہے۔ روس سے پاکستان نے خام تیل مذاکرات کے بعد روسی وزارت پیٹرولیم سے طے ہونیوالے معاہدے کے بعد درآمد کیا ہے۔ ’پاکستان کو اپنی توانائی کے تحفظ کے لیے اقدامات اختیار کرنے کا مکمل حق ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp