کراچی میئر کے انتخاب پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کا موقف کیا رہا؟

جمعرات 15 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کی عہدوں پر پیپلز پارٹی کی کامیابی پر جہاں تحریک انصاف کے رہنماؤں نے فاؤل پلے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے تک کا عندیہ دیدیا ہے، وہیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ 36 کروڑ روپے میں کراچی کا میئر ppp کے لیے کوئی مہنگا سودا نہیں ہے.

وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ میئر کراچی کا الیکشن پیپلز پارٹی جیت گئی ہوگی مگر جمہوریت کو شکست ہوئی ہے۔

تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ایک مرتبہ اور ثابت ہوگیا کہ پیپلزپارٹی جمہوری اقدار اور جمہوریت کی قاتل جماعت ہے ۔ کسی ووٹر کو زبردستی اسکے ووٹ کے حق سے محروم کرنا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ آج جو کُچھ ہوا اس نے چھانگا مانگا اور سندھ ہاؤس کی یاد تازہ کر دی۔

 

’جس انداز سے سرکاری زبردستی اور ڈنڈا گردی کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ممبرز کو اغواء کیا گیا ڈرا دھمکا کے اور ہارس ٹریڈنگ کے ذریعہ ووٹ دینے سے روکا گیا اس غیر قانونی عمل سے ثابت ہوگیا کہ کے مئیر کراچی کے الیکشن اور نتائج نا قابل قبول ہیں ہم عدالت جائینگے۔‘

سیکریٹری جنرل تحریک انصاف عمر ایوب خان نے بھی ٹوئٹر پر میئر کراچی کے الیکشن پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کیکرپٹ سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کے اراکین کو گرفتار، اغوا اور ووٹ ڈالنے سے روکا ہے۔

’پیپلز پارٹی اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے گزشتہ 16 سال سے سندھ میں برسر اقتدار رہنے کے بعد نہ سندھ کو کچھ دیا اور نہ ہی کراچی والوں کو۔‘

تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے میئر کراچی کے انتخاب پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ کراچی میئر کا الیکشن آنے والی عام انتخابات کی جھلک ہے۔ آئندہ عام انتخابات اسی انداز سے  ہوں گے۔

’۔۔۔اکثریت کو پیسے اور ڈنڈے کے زور پر اقلیت میں تبدیل کیا جائے گا الیکشن کمیشن نے فری ہینڈ دیا ہوا ہے، چوروں اور بدمعاشوں کی حکومت بنوانی ہے جب جسکو چاہیں اٹھا لیں، جب جس کو چاہیں خرید لیں۔‘

دوسری جانب اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے لکھا کہ 36 کروڑ روپے میں کراچی کا میئر ppp کے لیے کوئی مہنگا سودا نہیں ہے۔ ’میں نےہفتہ پہلےہی کہہ دیا تھا کہ دوبئی میں خرید و فروخت کی منڈی لگ گئی ہےاورحافظ نعیم کو کسی صورت میئر نہیں بننے دیاجائے گا۔ حافظ نعیم کو خرید و فروخت کی سیاست میں تو شکست ہوئی ہے عوام میں نہیں۔‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ ضمیر فروشوں اور منتخب نمائندوں کو خرید نے والوں کے ساتھ کیسے نمٹنا ہے۔ ’مجھے امید ہے کہ جماعت اسلامی حسب معمول عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی ضمیر کے سوداگروں کے ساتھ نہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp