کویتی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے ہنگامی رابطہ، قیام امن کے لیے اسلام آباد ایم او یو پر مکمل عملدرآمد کی اپیل

ہفتہ 18 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ٹیلی فون کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

کویتی حدود پر حملوں پر تشویش اور ضبطِ نفس کی اپیل

دفتر خارجہ کی جانب سے  جاری اعلامیے کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے سفارتی رابطے کے دوران کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح نے اپنی سرزمین پر جاری مسلسل حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:کویت کی علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی تعریف

انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے تمام فریقین کی جانب سے تحمل اور ضبطِ نفس کا مظاہرہ کیا جانا انتہائی ضروری ہے۔

کویتی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ ’اسلام آباد ایم او یو‘ (یادداشتِ تفاهم) پر اس کی اصل روح کے مطابق مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

بات چیت کے دوران شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے علاقائی استحکام اور مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور مصالحتی کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔

پاکستان کا علاقائی خود مختاری کے احترام اور کشیدگی میں کمی پر زور

جواب میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ہر صورت کیا جانا چاہیے اور اس وقت علاقائی امن و سلامتی کا تحفظ ہی سب کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں:گوادر پورٹ پر پہلی بار تجارتی بنکرنگ سروس کا آغاز، پاکستان کی بحری تجارت میں اہم سنگِ میل

سینیٹر اسحاق ڈار نے ’اسلام آباد ایم او یو‘ کے تحت جنگ بندی کے معاہدوں پر قائم رہنے کی اہمیت پر اصرار کیا اور کہا کہ فریقین کو ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنا چاہیے جو کشیدگی کو مزید ہوا دے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل میں بھی مشترکہ مفادات اور علاقائی معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp