تھانہ انڈسٹریل ایریا پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ایک منظم گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا چھینا گیا مال، 8 قیمتی موبائل فونز، گھڑیاں، نقدی، وارداتوں میں استعمال ہونے والے 2 پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
یہ بھی پڑھیں: گھریلو ناچاقی پر 2خواتین کا قتل، اسلام آباد پولیس نے 48 گھنٹوں میں ملزمان گرفتار کرلیے
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ دونوں ملزمان راولپنڈی اور اسلام آباد میں راہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی اہم انکشافات متوقع ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کے سابق ایس پی کو سزائے موت سنا دی گئی
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اسلام آباد پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔














