رجنی کانت کی خودنوشت پر فلم بنانے کی تیاری، بھارتی میڈیا میں قیاس آرائیاں

اتوار 26 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار رجنی کانت کی زندگی پر مبنی بایوپک بنانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کی زیرِ تکمیل خودنوشت کو فیچر فلم کی شکل دیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رجنی کانت کی زندگی پر مبنی بایوپک بنانے کی اطلاعات نے مداحوں میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی اداکار رجنی کانت نے صفائی کرنے والی خاتون کو سونے کی چین تحفے میں کیوں دی؟

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رجنی کانت کافی عرصے سے اپنی خودنوشت پر کام کر رہے ہیں، جس میں ان کی ذاتی زندگی، فنی سفر، نمایاں کامیابیاں اور درپیش مشکلات کو تفصیل سے بیان کیا جائے گا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ رجنی کانت نے اپنی خودنوشت کو فلم کی شکل دینے کے حوالے سے اپنے قریبی ساتھیوں سے بھی مشاورت کی ہے، تاہم اس منصوبے کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

رجنی کانت کی صاحبزادی سوندریا رجنی کانت اس سے قبل تصدیق کر چکی ہیں کہ ان کے والد اپنی زندگی کی کہانی قلم بند کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق کتاب میں بنگلورو میں بس کنڈکٹر کی حیثیت سے جدوجہد سے لے کر جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار بننے تک کا پورا سفر شامل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ خودنوشت نہ صرف رجنی کانت کی زندگی کے مختلف مراحل سے پردہ اٹھائے گی بلکہ ہر کردار کے لیے ان کی محنت اور لگن کو بھی اجاگر کرے گی، اور توقع ہے کہ یہ عالمی سطح پر بھی غیرمعمولی توجہ حاصل کرے گی۔

رجنی کانت نے 5 دہائیاں قبل بنگلورو میں بس کنڈکٹر کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور بعد ازاں وہ تامل، تیلگو، ہندی اور کنڑ فلموں کے سب سے مقبول اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔ انہیں بھارت کے اعلیٰ ترین سول اعزازات، پدم بھوشن، پدم وبھوشن اور دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

دوسری جانب رجنی کانت کی نئی فلم ’جیلر 2‘ 15 اکتوبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی، جبکہ ان کی ایک اور فلم ’دھرمن‘ بھی زیرِ تکمیل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp