وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں جاری احتجاج کے پیچھے موجود عناصر کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور ان کے خلاف کارروائیاں جاری بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر پاکستان کی سالمیت کے خلاف سرگرم ہیں اور پاکستان دشمنی کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں۔
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ احتجاج کے پیچھے موجود لوگ بھارت کے حمایت یافتہ ہیں اور ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔
کارروائیاں ہو بھی رہی ہیں اور ہونی بھی چاہییں۔ وہ جس طرح پاکستان کی سالمیت کے خلاف اور ملک دشمنی کا اظہار کر رہے ہیں، میں نہیں سمجھتا کہ ان کا پاکستان سے کوئی تعلق ہے۔ وہ بھارت کے حمایت یافتہ لوگ ہیں اور جس قسم کی زبان وہ استعمال کرتے ہیں، وہ کسی محبِ وطن پاکستانی کی نہیں ہو… pic.twitter.com/KPuOx0YfAx
— WE News (@WENewsPk) July 28, 2026
’پاکستان سے محبت کرنے والا ایسا رویہ اختیار نہیں کر سکتا‘
خواجہ آصف نے کہا کہ جو زبان اور الفاظ یہ عناصر استعمال کر رہے ہیں، پاکستان سے محبت کرنے والا کوئی بھی کشمیری یا ملک کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والا شہری اس انداز میں بات نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو پاکستان دشمنوں کی صف میں شامل کیا جانا چاہیے۔
فورسز پر حملے کرنے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کرنے والے عناصر سے مذاکرات کے امکان سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے خیال میں ایسے لوگوں کے ساتھ کسی قسم کا مذاکراتی عمل نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان عناصر کو بھی اسی زمرے میں رکھتے ہیں جس میں بھارت کو رکھا جاتا ہے، کیونکہ ان کے نزدیک یہ عناصر بھی پاکستان دشمن ہیں۔
’آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی‘
آزاد کشمیر میں پہلے مرحلے کے انتخابات سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی ہے، تاہم اس مرحلے پر حتمی پیش گوئی کرنا قبل از وقت ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے میں جس انداز سے اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ (ن) کو کامیابی عطا کی اور آزاد کشمیر کے عوام نے پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا، اس سے آئندہ مراحل کے لیے مثبت اشارے ملتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ابھی انتخابات کے مزید دو مراحل باقی ہیں، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت ضرور بنا لے گی، تاہم انہیں امید ہے کہ باقی مراحل میں بھی کامیابی حاصل ہوگی اور پارٹی اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ سکتی ہے۔
پیپلز پارٹی کی تنقید پر ردعمل
ایک سوال کے جواب میں کہ انتخابی مہم کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی نے ان کے خلاف بھرپور مہم چلائی، لیکن اس کے باوجود مسلم لیگ (ن) نے واضح کامیابی حاصل کی، خواجہ آصف نے کہا کہ یہ سب اللہ تعالیٰ کا کرم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خلاف کوئی بھی کچھ کہتا ہے تو وہ نہ اس پر ناراض ہوتے ہیں اور نہ ہی اس پر تبصرہ کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔














