۔
۔
رواں ماہ کے آغاز میں ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجانے والی اسپین کی قومی فٹ بال ٹیم کا جشن ابھی تک جاری ہے، تاہم ہسپانوی ڈیفینڈر مارک کوکوریلا نے اس کامیابی کو یادگار بنانے کے لیے ایک انوکھا اور حیران کن طریقہ اپنایا ہے۔
ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل کوکوریلا نے وعدہ کیا تھا کہ اگر ان کی ٹیم چیمپئن بنتی ہے تو وہ اپنے مینیجر کا ٹیٹو بنوائیں گے۔ اسپین کی تاریخ ساز فتح کے بعد اب اس ہسپانوی کھلاڑی نے اپنے بازو پر مینیجر لوئس ڈی لا فوئنٹے کے چہرے کی تصویر کا ٹیٹو بنوا کر اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا سفر اور وعدے کی تکمیل
ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں جب اسپین کی ٹیم نے کیپ ورڈے کے خلاف صفر صفر (0-0) سے ڈرا کھیلا، تو شاید کوکوریلا نے سوچا ہوگا کہ اب انہیں اس وعدے پر عمل نہیں کرنا پڑے گا۔ لیکن وہ ڈرا میچ ہی اس پورے ٹورنامنٹ میں ہسپانوی ٹیم کی کارکردگی پر واحد داغ ثابت ہوا، اس کے بعد اسپین نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل تک کا سفر طے کیا۔
19 جولائی کو کھیلے گئے فائنل معرکے میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کو شکست دے کر عالمی کپ کا تاج اپنے نام کر لیا۔ جیسے جیسے فائنل قریب آ رہا تھا، ہو سکتا ہے کہ کوکوریلا یہ امید کر رہے ہوں کہ لوگ ان کے اس وعدے کو بھول چکے ہوں گے، لیکن انٹرنیٹ اور شائقین کہاں کچھ بھولتے ہیں!
بالآخر مارک کوکوریلا نے مردِ میدان بنتے ہوئے اپنا وعدہ پورا کر دیا، جو اب اسپین کے تاریخی ورلڈ کپ سفر کی ایک یادگار نشانی بن چکا ہے۔
شائقین کا ردِعمل اور دلچسپ تبصرے
کھلاڑی کی جانب سے اپنے کوچ کو دیے گئے اس انوکھے خراجِ تحسین پر شائقینِ فٹ بال کی جانب سے بھی دلچسپ تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ متعدد ناقدین کا مذاحیہ انداز میں کہنا ہے کہ مستقبل میں کوکوریلا جلد ہی لوگوں کے اس بار بار پوچھے جانے والے سوال سے تنگ آ جائیں گے کہ ’آپ کے بازو پر یہ باباجی کون ہیں؟‘
بعض شائقین نے تو یہاں تک مشورہ دے ڈالا ہے کہ کوکوریلا کو اس ٹیٹو کے بالکل نیچے ایک اور چھوٹا سا ٹیٹو بنوا لینا چاہیے جس پر لکھا ہو
’اس سے پہلے کہ آپ مجھ سے پوچھیں، یہ ہسپانوی فٹ بال ٹیم کے مینیجر لوئس ڈی لا فوئنٹے ہیں۔‘













