بیلجیئم کی شہزادی ایلیونور کی اسکول کی تعلیم مکمل، ہائیر ایجوکیشن کے لیے نیدرلینڈانتخاب کرلیا

بدھ 29 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بیلجیئم کے شاہی خاندان کی کم عمر شہزادی ایلیونور نے اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے نیدرلینڈز منتقل ہونے کا اعلان کیا ہے، جہاں وہ رواں سال ستمبر سے اپنی یونیورسٹی تعلیم کا آغاز کریں گی۔

شہزادی ایلیونور، جو بیلجیئم کے بادشاہ فلپ اور ملکہ میتھلڈ کی سب سے چھوٹی صاحبزادی ہیں، اس موسم خزاں میں نیدرلینڈز کے شہر یوٹریخت جائیں گی، جہاں وہ یونیورسٹی کالج یوٹریخت میں لبرل آرٹس اینڈ سائنسز کے تین سالہ پروگرام میں داخلہ لیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بیلجیئم کی شہزادی کی جانب سے پرنس ہیری کی حمایت، کنگ چارلس سے صلح کی کوششوں پر تبصرہ

یہ تعلیمی پروگرام مختلف شعبوں پر مشتمل ہے، جس میں طلبہ کو ایک مقررہ نصاب کی پابندی کے بجائے انسانی علوم، سماجی علوم اور قدرتی علوم میں اپنی دلچسپی کے مطابق مضامین منتخب کرنے کی آزادی حاصل ہوتی ہے۔

تعلیم مکمل کرنے پر شہزادی ایلیونور اپنی منتخب کردہ تخصص کے مطابق بیچلر آف آرٹس یا بیچلر آف سائنس کی ڈگری حاصل کریں گی۔

شہزادی ایلیونور کا تعلیمی راستہ ان کے بڑے بہن بھائیوں سے مختلف ہے۔ ولی عہد شہزادی الزبتھ نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تاریخ اور سیاست کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد رواں برس ہارورڈ کینیڈی اسکول سے عوامی پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی۔

شہزادہ گیبریئل نے فوجی شعبے کا انتخاب کرتے ہوئے بیلجیئم کی رائل ملٹری اکیڈمی سے تعلیم حاصل کی، جبکہ بعد ازاں فرانس کے سینٹ سائر فوجی ادارے میں جغرافیائی سیاست کی تعلیم حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: شہزادے جارج کی سالگرہ، شہزادی شارلٹ کو بھی اہم ذمہ داری مل گئی

دوسری جانب شہزادہ ایمانوئیل نے کاروباری تعلیم کا انتخاب کیا اور 2024 میں برسلز کے انٹرنیشنل اسکول سے اپنی ثانوی تعلیم مکمل کی۔

بیلجیئم کے بادشاہ فلپ اور ملکہ میتھلڈ اپنے بچوں کی تعلیم میں مسلسل دلچسپی لیتے رہے ہیں اور حال ہی میں وہ شہزادی الزبتھ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے بھی امریکا گئے تھے۔

گزشتہ برس جب بادشاہ فلپ سے یہ سوال کیا گیا کہ آیا وہ مستقبل میں تخت اپنی بڑی بیٹی کے لیے چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو انہوں نے کہا تھا کہ بادشاہ ذمہ داریوں سے پیچھے تو ہٹ سکتا ہے، لیکن ریٹائر نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹی اپنی جوانی سے لطف اندوز ہو، خود کو بہتر بنائے اور دنیا کو دیکھے، اور وہ اس سلسلے میں اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

شہزادی ایلیونور کی جانب سے نیدرلینڈز منتقل ہونے کا اعلان چند ہفتے بعد سامنے آیا ہے، جب انہوں نے جون میں بیلجیئم کے شاہی محل میں جاپان کے اعزاز میں منعقدہ سرکاری عشائیے میں پہلی مرتبہ تاج پہن کر شاہی تقریب میں شرکت کی تھی، جسے ان کی شاہی زندگی کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp