معروف مزاحیہ شو ’ہنسنا منع ہے‘ کے میزبان تابش ہاشمی کی جانب سے جیو نیوز سے اپنے ’5 سالہ سفر کے اختتام‘ سے متعلق پوسٹ نے سوشل میڈیا پر شدید بحث چھیڑ دی تاہم چند گھنٹوں بعد سامنے آنے والی وضاحت نے صارفین کو مزید برہم کر دیا۔
تابش ہاشمی نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ جیو نیوز کے ساتھ ان کا پانچ سالہ سفر اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس دوران پروگرام سے وابستہ ٹیم، مہمانوں اور ناظرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے اپنی زندگی کا یادگار باب قرار دیا۔
View this post on Instagram
اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر یہ تاثر پھیل گیا کہ شاید تابش ہاشمی کو حالیہ بیانات، خصوصاً کشمیر سے متعلق گفتگو کے باعث پروگرام کی میزبانی سے الگ کیا گیا ہے۔ متعدد صارفین نے ان سے ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ مختلف قیاس آرائیاں بھی گردش کرنے لگیں۔
تاہم چند گھنٹوں بعد تابش ہاشمی نے ایک نئی انسٹاگرام پوسٹ میں ’ہنسنا منع ہے‘ کے سیٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آخرکار ہنسنا منع ہے کا سیٹ اپڈیٹ ہو گیا ہے‘۔ اس وضاحت سے واضح ہوا کہ ان کی پہلی پوسسٹ دراصل پروگرام کے سیٹ کی تبدیلی سے متعلق تھی نہ کہ جیو نیوز یا پروگرام سے علیحدگی کے حوالے سے۔
View this post on Instagram
تابش ہاشمی کی اس وضاحت کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اداکارہ مشی خان نے تابش ہاشمی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو اور آپ کی پوری ٹیم کو شرم آنی چاہیے کہ ایک انتہائی حساس معاملے کو محض اپنی مارکیٹنگ اور نئے سیٹ کی تشہیر کے لیے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ صرف ٹرینڈنگ میں آنا چاہ رہے تھے، آپ کو علم نہیں تھا کہ لوگ کیا سمجھیں گے۔
View this post on Instagram
مقدس فاروق اعوان لکھتی ہیں کہ تابش ہاشمی کا شو بند نہیں ہوا بلکہ وہ ایک نئے شو کے ساتھ آ رہے ہیں، اگر ایسا ہے تو تابش ہاشمی کو خود وضاحت دے دینی چاہیے۔
سننے میں آیا ہے کہ تابش ہاشمی کا شو بند نہیں ہوا بلکہ وہ ایک نئے شو کے ساتھ آ رہے ہیں، اگر ایسا ہے تو تابش ہاشمی کو خود وضاحت دے دینی چاہیے
— Muqadas Farooq Awan (@muqadasawann) August 2, 2026
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ تابش ہاشمی نے پوری عوام کو ایسا تاثر دیا کہ کشمیر پہ بات کرنے کی وجہ سے انہیں جیو سے نکالا گیا۔ جبکہ یہ بات واضح ہے کہ ان کو نکالا نہیں گیا ان کا نیا سیٹ بن رہا ہے اور شو کبھی بند ہوا ہی نہیں۔
تابش ہاشمی نے پوری عوام کو ایسا تاثر دیا کہ کشمیر پہ بات کرنے کی وجہ سے انہیں جیو سے نکالا گیا۔
جبکہ یہ بات واضح ہے کہ ان کو نکالا نہیں گیا ان کا نیا سیٹ بن رہا ہے اور شو کبھی بند ہوا ہی نہیں۔
ابھی دو لوگ مجھ سے جھگڑ رہے تھے کہ کشمیر پر بات کرنے کی وجہ سے تابش ہاشمی کو نکال دیا…
— Adeel Asif Pk 🇵🇰 (@AdeelAsifPkOne) August 2, 2026
ناقدین کا کہنا تھا کہ جذباتی انداز میں لکھی گئی پہلی پوسٹ نے جان بوجھ کر ایسا تاثر دیا جس سے مداح اور عوام گمراہ ہوئے۔ کئی صارفین نے اسے توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سوشل میڈیا پر ایسی مبہم پوسٹس سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس سے غیر ضروری افواہیں اور غلط فہمیاں جنم لیتی ہیں۔













