ان دنوں کاکروچ پارٹی کی تحریک کے ہاتھوں پریشان بھارتی حکومت کو جنوری میں ایک ہزیمت اٹھانی پڑی تھی جب نئی دہلی میں ہونے والے انڈیا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے دوران کبھی بندر اسٹیڈیم میں گھومتے دکھائی دیے تو کبھی کبوتروں کی بیٹ اور گھونسلے کا ملبہ کورٹ پر گرنے سے کھیل متاثر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ’بھارت میں ‘کاکروچ’ احتجاج کے دوران مظاہرین پر پیلٹ گن استعمال ہونے کے شواہد مل گئے‘، برطانوی میڈیا رپورٹ
لیکن اب معاملہ ایک عالمی مقابلے کا ہے کیوں کہ ورلڈ بیڈمنٹن چیمپیئن شپ کے آغاز میں اب چند روز باقی ہیں اور ملک میں سب سے زیادہ گفتگو کھلاڑیوں کی نہیں بلکہ بندروں اور کبوتروں کی ہو رہی ہے۔
جنوری میں اسی اسٹیڈیم میں پیش آنے والے دلچسپ مگر شرمندگی کا باعث بننے والے واقعات کے بعد منتظمین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بار ایسے مناظر دوبارہ دیکھنے کو نہیں ملیں گے۔ بھارتی حکام نے یقین دلایا ہے کہ اس بار نہ بندر تماشہ بنائیں گے اور نہ ہی پرندے مقابلوں میں رکاوٹ ڈال سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس بار جنوری میں ہونے والے انڈیا اوپن کی طرح بندروں، پرندوں یا صفائی سے متعلق مسائل ٹورنامنٹ میں خلل نہیں ڈالیں گے۔
17 برس بعد بیڈمنٹن ورلڈ چیمپیئن شپ 17 سے 23 اگست تک نئی دہلی کے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی جہاں دنیا بھر کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گے۔
رواں سال جنوری میں اسی مقام پر ہونے والے انڈیا اوپن کے دوران ناقص صفائی اور دیگر مسائل پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ کئی میچوں کے دوران کھیل متاثر ہوا یہاں تک کہ ایک سیمی فائنل میں پرندے کے گھونسلے سے ملبہ کورٹ پر گر گیا جبکہ مختلف مواقع پر کورٹ پر پرندوں کی بیٹ بھی دیکھی گئی۔ ٹی وی نشریات میں ایک بندر کو بھی اسٹیڈیم کے اسٹینڈز میں گھومتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا کے سیکریٹری سنجے مشرا نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ انہیں 100 فیصد یقین ہے کہ اس بار پرندوں، کبوتروں یا کسی بھی جانور سے متعلق ایسا کوئی مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔
مزید پڑھیے: کنگنا رناوت کی کاکروچ پارٹی رہنما کے خلاف نازیبا زبان، ترجمان سی جے پی کا کرارا جواب
انہوں نے کہا کہ انڈیا اوپن کے دوران سامنے آنے والے تمام مسائل حل کر لیے گئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس مرتبہ ورلڈ چیمپیئن شپ بہترین انداز میں منعقد ہوگی۔
بدھ کے روز نئی دہلی میں ورلڈ چیمپیئن شپ کے 30ویں ایڈیشن کی قرعہ اندازی بھی کی گئی جبکہ ورلڈ بیڈمنٹن فیڈریشن (بی ڈبلیو ایف) کے حکام نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بی ڈبلیو ایف کے ایونٹس ڈائریکٹر سیلوامریش سپرامانیام کے مطابق اسٹیڈیم میں واٹر پروفنگ، چھت پر خصوصی جیل لگانے اور دیگر اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ کبوتر شہتیروں پر نہ بیٹھ سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم کی چھت کے خراب حصوں کی مرمت، کھلی تاروں کی درستگی اور مکمل صفائی کا کام بھی انجام دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا اوپن کو اسی مقام پر منعقد کرنے کا مقصد انتظامی خامیوں کی نشاندہی کرنا تھا جو حاصل ہو گیا۔ اگرچہ اس وقت منفی تشہیر ہوئی لیکن اسی نے تمام متعلقہ اداروں کو مسائل کے مستقل حل کی جانب متوجہ کیا۔
مزید پڑھیں: اگر طلبا کو دھمکانا بند نہیں کیا تو پہلے سے بڑا احتجاج کریں گے، کاکروچ جنتا پارٹی کا اعلان
ورلڈ چیمپیئن شپ میں مردوں کے سنگلز میں چین کے عالمی نمبر ایک شی یوچی اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے جبکہ خواتین کے سنگلز میں گزشتہ سال پیرس میں ٹائٹل جیتنے والی جاپان کی اکانے یاماگوچی بھی ایکشن میں نظر آئیں گی۔














