بھارتی اداکار سنی دیول کے بیٹے کرن کی شادی، تصاویر شیئر

اتوار 18 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے ممتاز اداکار دھرمیندر کے پوتے اور سنی دیول کے بیٹے کرن دیول کی شادی اتوار کو ممبئی میں ہوئی۔ انہوں نے نے اپنی دلہن دریشا اچاریہ کے ساتھ شادی کی تصاویر شیئر کردیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کرن دیول نے اپنی شادی کی تصاویر باضابطہ طور پر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں جس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی اہلیہ اور اس نئے سفر پر کے حوالے سے ایک خوبصورت اور رومانوی پیغام بھی پوسٹ کیا۔

کرن دیول کی انسٹاگرام پوسٹ

انسٹاگرام پر کی شیئر کی گئی اپنی پوسٹ کے کیپشن کے طور پر کرن دیول نے لکھا، ’تم میرا آج اور کل ہو، ہماری زندگی میں ایک خوبصورت سفر کا آغاز۔ ہم نیک تمناؤں پر تمام لوگوں کے بے حد شکر گزار ہیں‘۔

قبل ازیں کرن دیول اور دریشا اچاریہ نے ہندو رسم و رواج کے مطابق شادی کی۔ کرن نے کریم کلر کی شیروانی زیب تن کی ہوئی تھی اور اسی سے میچ کرتی ہوئی مماثل پگڑی باندھی ہوئی تھی۔ دریشا نے سرخ رنگ کا لباس، ایک بڑا سا جھومر اور سونے کا خوبصورت ہار بھی پہنا ہوا تھا۔

اپنے دادا اور والد کی طرح کرن دیول  خود بھی بالی ووڈ کے اداکار ہیں۔ ان کی جانب سے تصاویر کے باقائدہ اجرا سے قبل ہی تقریب کے لیے دوران ہی بارات کی کچھ تصاویر آن لائن ہوگئی تھیں۔

باراتیوں میں کرن کے دادا دھرمیندر، دادی پرکاش کور والد سنی دیول اور چچا بوبی دیول اور ابھے دیول شامل تھے۔ واضح رہے کہ پرکاش کور اداکار دھرمیندر کی پہلی زوجہ ہیں جن سے انہوں نے سنہ 1954 میں شادی کی تھی جب کہ ان کی دوسری بیوی اداکارہ ہیما مالنی ہیں جن سے وہ سنہ 1980 میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئی تھیں۔ واضح رہے کہ ہیما مالنی اپنے شوہر کی پہلی بیگم اور ان کے بچوں سے قدرے دوری ہی برتتی ہیں جس کے باعث وہ شادی میں شریک نہیں ہوئیں۔

بارات کے ساتھ دھرمیندر کو بوبی دیول کی مدد سے آہستہ آہستہ چلتے ہوئے دیکھا گیا۔ کرن سفید گھوڑے پر بیٹھے تھے اور باراتی ڈھول کی تھاپ پر ان کے گرد رقص کناں تھے۔ دھرمیندر کے ساتھ بوبی دیول بھی ڈانس کرتے نظر آئے۔

87 سالہ لیجنڈ اداکار دھرمیندر بھورے رنگ کے سوٹ اور ٹائی میں ملبوس تھے۔ ان سب نے میرون پگڑیاں پہن رکھی تھیں۔ سنی دیول سبز رنگ کے کرتے اور سرخ پگڑی میں ملبوس نظر آ رہی تھے۔ بوبی دیول نے پاؤڈر نیلے رنگ کی شیروانی اور  میرون پگڑی پہنے ہوئے تھے۔

اس سے پہلے جمعے کو دادا اور پوتے کی جوڑی نے شادی سے پہلے کی تقریب کے موقع پر محفل موسیقی کو مشہور گانے ’میں جٹ یملا پگلا دیوانہ ہو ربا۔۔۔‘ پر اپنے رقص کے ذریعے چار چاند لگائے۔ سنی دیول نے ’میں نکلا گڈی لیکے۔۔۔‘  پر بھی پرفارم کیا۔ بوبی اور ان کی اہلیہ تانیا دیول نے اپنے رومانوی گانے ’ہمکو صرف تم سے پیار ہے‘ پر ڈانس کیا۔ کرن اور دریشا کی شادی سے پہلے کی (پری ویڈنگ) تقریبات کا آغاز 12 جون کی شب ’روکا‘ تقریب سے ہوا تھا۔

کرن اور دریشا کافی عرصے سے دوستی کے رشتے میں تھے۔ دریشا ایک فیشن ڈیزائنر ہیں۔ کرن نے اپنے دادا اور والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کو بطور پیشہ اختیار کیا۔ انہوں نے سنہ 2019 میں سنی دیول کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پل پل دل کے پاس‘ سے بالی ووڈ میدان میں قدم رکھا اور پھر ’ویلے‘ میں نظر آئے۔ اب وہ ’اپنے 2‘ میں نظر آئیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp