انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جولائی 2026 کے ’پلیئر آف دی منتھ‘ ایوارڈ کے لیے 3 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا، جن میں ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز، انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک اور بنگلہ دیش کے اوپنر تنزید حسن شامل ہیں۔
جسٹن گریوز نے جولائی کے دوران سری لنکا اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچز میں آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انہوں نے پہلے ٹیسٹ کے دوران 180 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کی سیریز میں 0-1 سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کے خلاف سیریز میں بھی جسٹن گریوز نے گیند اور بلے دونوں سے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے صرف 27 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
جولائی میں کھیلے گئے 2 ٹیسٹ میچز کے دوران گریوز نے 71.66 کی اوسط سے مجموعی طور پر 215 رنز اسکور کیے جبکہ 8 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔
ہیری بروک کی بھارت کے خلاف شاندار بیٹنگ
انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک نے بھارت کے خلاف ٹی20 سیریز میں اپنی بیٹنگ کا لوہا منوایا۔ انہوں نے 5 میچز میں 229 رنز بنائے، اس دوران ان کی بیٹنگ اوسط 114.50 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 214.01 رہا۔
شاندار کارکردگی پر ہیری بروک کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
تنزید حسن دونوں فارمیٹس میں نمایاں
بنگلہ دیش کے اوپنر تنزید حسن نے بھی جولائی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے 3 میچز میں انہوں نے 159 رنز بنائے جبکہ ٹی20 سیریز میں ان کے بیٹ سے 140 رنز نکلے۔
یوں تنزید حسن زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 دونوں فارمیٹس کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔
آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے تینوں کھلاڑیوں کی کارکردگی نمایاں رہی، تاہم ایوارڈ کے حتمی فاتح کا فیصلہ بعد میں کیا جائےگا۔














