مکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، وزیراعظم کا خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ

منگل 11 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ اس سے خطے میں امن، خوشحال اور استحکام کو فروغ ملے گا۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج یوم آزادی کی آمد آمد ہے، آج ہم پاکستان کے اقلیتی برادری کے لیے قومی دن منارہے ہیں، قائداعظم کی لیڈرشپ میں تخلیق پاکستان کے لیے جہاں لاکھوں مسلمانوں نے ان کا ساتھ دیا وہی اقلیتی برادری نے بھی جو تعمیری کردار ادا کیا وہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مثالی مذہبی اہم آہنگی موجود اور تمام اقلیتیں محفوظ ہیں، کھیئل داس کوہستانی

وزیراعظم نے کہا کہ 11 اگست 1947ء کو قائداعظم محمد علی جناح نے قانون ساز اسمبلی میں تاریخی خطاب کیا اور واضح کیا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو مذہب سے قطع نظر مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے خطاب کا ہر لفظ آئین کا حصہ بن چکا ہے، اقلیتوں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں بھی قائداعظم کے ساتھ مل کر تعمیری کردار ادا کیا اور قیام پاکستان کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنی صلاحیتیں اور علم بروئے کار لائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود کیتھیڈرل اسکول سے تعلیم حاصل کی، جبکہ ان کے بڑے بھائی نواز شریف سینٹ انتھونی اسکول اور بہن کانوینٹ آف جیزز اینڈ میری سے تعلیم حاصل کرچکی ہیں۔

وزیر اعظم نے سیسل چوہدری، جسٹس اے آر کارنیلئیس، جوگندر ناتھ منڈل، ایس ایل گبز اور ایس پی سنگھا سمیت مختلف اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں قومی شخصیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات سے کون واقف نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے جنگوں اور قومی تعمیر کے ہر میدان میں بے بہا خدمات سر انجام دیں ، ملکی دفاع کے لئے بھی ان کی قربانیاں ناقابل فراموش اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انہوں نے بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنا ہے، نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے پاکستان کو دنیا میں نمایاں کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقلیتوں کے قومی دن پر صدر اور وزیراعظم کا اقلیتی برادریوں کو خراجِ تحسین

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی جنگوں میں بھی اقلیتی برادری کے افراد نے نمایاں کردار ادا کیا۔ عدلیہ کے شعبے میں جسٹس کارنیلیئس کی خدمات کو بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے قیام پاکستان کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں جگن ناتھ منڈل، ایس ایل گبز اور ایس پی سنگھا سمیت دیگر اقلیتی شخصیات کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکھ برادری نے بھی پاکستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا، ہندو برادری کی خدمات بھی قابل قدر ہیں جبکہ پارسی برادری نے ہمیشہ پاکستان میں امن اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزاری۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے کروڑوں مسلمان اور اقلیتی برادریاں مل کر ملک کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے کام کریں۔

وزیراعظم نے علامہ اقبال کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے اتحاد، بھائی چارے اور باہمی قربت کو قومی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: ریاستی سرپرستی میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر میں خطرناک اضافہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مقصد ملک کے ہر حصے میں تعلیم کو فروغ دینا ہے، صحت کے شعبے میں دن رات کام کرنا اور عوام میں تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید علم سے آراستہ اور بااختیار بنایا جائے تاکہ پاکستان دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ عزت و وقار کے ساتھ مقابلہ کرسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان دفاعی معاہدہ قائم ہوا ہے، یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ امن، خوشحالی اور استحکام کے فروغ کے لیے ہے۔

انہوں نے خلیجی خطے کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے خطے میں امن قائم ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام، قرآن پاک اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات امن، بھائی چارے اور انسانیت کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp