پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز: شعیب اختر کی قومی کرکٹ ٹیم کو وارننگ

منگل 11 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے قومی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف آئندہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سخت حالات کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

19 اگست سے لیڈز کے ہیڈنگلے میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے قبل شعیب اختر نے پیشگوئی کی کہ انگلینڈ کی ٹیم اپنے فاسٹ بولرز کو سازگار حالات فراہم کرنے کے لیے ایسی پچز تیار کرے گی جو پاکستانی بلے بازوں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 2011 ورلڈ کپ میں کامران اکمل نے جب 2 کیچ چھوڑے تو شعیب اختر نے کیا کہا؟ فاسٹ بولر نے دلچسپ کہانی سنادی

ایک مقامی اسپورٹس پلیٹ فارم کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں سابق دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں ہونے والی غلطیوں کو مدنظر رکھے گی اور پاکستان کو برتری حاصل کرنے کا موقع نہیں دے گی۔

شعیب اختر کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم سیم بولنگ کے لیے سازگار حالات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی، جو پاکستان کی بیٹنگ لائن کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ وہ غلطی نہیں کرے گا جو ویسٹ انڈیز نے کی اور جس کی وجہ سے پاکستان کو جیتنے کی پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ملا، انگلینڈ سیم بولنگ کے لیے سازگار حالات تیار کرے گا جنہیں پاکستان کے لیے سنبھالنا مشکل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: جسے کرکٹ کا نہیں پتا وہ بورڈ کا چیئرمین ہے، جاہل بندے کو بڑی ذمہ داری دینا سب سے بڑا جرم، شعیب اختر

یہ سیریز 2020 کے بعد پاکستان کا انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ دورہ ہوگی اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہے۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست تک لارڈز میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک برمنگھم کے ایجبسٹن میں ہوگا۔

پاکستان نے سیریز سے قبل ویسٹ انڈیز کا 2 ٹیسٹ میچوں کا دورہ 1-1 سے برابر کیا تھا۔ اس دوران پاکستان نے جولائی 2023 کے بعد بیرون ملک پہلی ٹیسٹ کامیابی بھی حاصل کی۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تیاری کے لیے پاکستان 12 سے 15 اگست تک سلیکٹ الیون کے خلاف 4 روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلے گا۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا اسکواڈ

بابر اعظم، عامر جمال، عبداللہ شفیق، علی عثمان، اذان اویس، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ۔

سیریز کا شیڈول

پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 اگست تک ہیڈنگلے، لیڈز میں، دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست تک لارڈز، لندن میں، جبکہ تیسرا ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp