آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے ن لیگ کا اجلاس ختم، اہم فیصلوں کا اختیار نواز شریف کو دے دیا گیا

ہفتہ 15 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کا مری میں ہونے والا اہم اجلاس ختم ہوگیا۔ اجلاس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے کی۔

اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت وفاقی وزرا اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا عمل کب شروع ہوگا؟ طارق فضل چوہدری کا اہم اعلان

مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق، سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر اور دیگر اجلاس میں شریک ہوئے۔

نواز شریف کی ن لیگ کے ارکان کو الیکشن جیتنے پر مبارکباد

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان کو مبارکباد دی اور انتخابات میں پارٹی کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی، تاہم اہم فیصلے اب میاں نواز شریف کی جانب سے کیے جائیں گے۔

حکومت کے اہم عہدوں پر بھی فیصلے نواز شریف کریں گے

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کے قائد ایوان، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، صدر ریاست اور موسٹ سینیئر وزیر سمیت دیگر اہم عہدوں کے حوالے سے بھی پارٹی قیادت کی جانب سے مشاورت کی گئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے نام بھی پارٹی قیادت کو موصول ہوچکے ہیں۔ ٹیکنوکریٹ اور اوورسیز نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 6، خواتین کی نشستوں کے لیے 10 جبکہ علما کی نشستوں کے لیے 3 سے زیادہ امیدواروں کے نام پارٹی قیادت تک پہنچ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے اب اہم سیاسی اور تنظیمی فیصلے میاں نواز شریف کریں گے، جبکہ حکومت کے قیام، کابینہ کی تشکیل اور اہم آئینی و پارلیمانی عہدوں کے بارے میں حتمی حکمت عملی بھی ان کی منظوری سے طے کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: مریم نواز سے فاتح محمود کیانی کی ملاقات، آزاد کشمیر انتخابات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آزاد کشمیر اسمبلی کے قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل آئندہ ہفتے مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن واحد اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آگئی ہے، جس کے بعد بغیر کسی اتحاد کے حکومت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp