کوئٹہ میں سرکی روٖڈ پر ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا اور دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے وسطی علاقے سرکی روڈ پر پیر کی دوپہر پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایک نجی عمارت میں چند ڈاکو جو مختلف وارداتوں میں ملوث رہے چھپے بیٹھے ہیں جس پر پولیس کی جانب سے چھاپہ مارا گیا۔
چھاپہ مار کارروائی کے دوران مسلح ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایس ایچ او انڈسٹریل تھانہ شہزاد احمد زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے فوراً بعد امدادی ٹیموں نے زخمی پولیس اہلکار اور ڈاکوؤں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا جہاں زخمی ڈاکو اور پولیس اہلکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سرکی روڈ کوئٹہ میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو کے ہلاک اور دوسرے کی زخمی حالت میں گرفتاری پر پولیس پارٹی کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
انہوں نے ایس ایچ او انڈسٹریل تھانہ اور ان کے عملے کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ پولیس پارٹی نے جس جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی کے دیگر ادارے سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مقابلے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایس ایچ او انڈسٹریل تھانہ شہزاد احمد کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کااظہار بھی کیا۔