شیخ حسینہ کی حوالگی شرط، بنگلہ دیشی وزیراعظم طارق رحمان کا بھارت کا دورہ خطرے میں

اتوار 16 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش نے کہا ہے کہ وزیراعظم طارق رحمان کا بھارت کا مجوزہ دورہ نئی دہلی کی جانب سے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ اور دیگر مطلوب افراد کی حوالگی کے معاملے پر پیش رفت سے مشروط ہے۔

بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے حکام گزشتہ کئی ہفتوں سے طارق رحمان کے نئی دہلی کے ممکنہ دورے کے حوالے سے رابطے میں ہیں، تاہم 5 اگست کو نئی دہلی میں شیخ حسینہ کی جانب سے کی گئی کھلی پریس گفتگو کے بعد دورے کے لیے سازگار ماحول متاثر ہوا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان اے کے ایم شاہد الکریم نے کہا کہ بنگلہ دیش نے بھارتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شیخ حسینہ اور دیگر مفرور ملزمان کی حوالگی کی درخواست پر فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے بھارت سے سیاسی کارکن شہید شریف عثمان ہادی کے قتل کے ملزمان کو بھی دوطرفہ حوالگی معاہدے کے تحت بنگلہ دیش کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔

بنگلہ دیش کے مطابق حسینہ کی نئی دہلی میں پریس کانفرنس نے طارق رحمان کے دورے کے لیے جاری عمل کو متاثر کیا۔ بھارت پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ شیخ حسینہ کی حوالگی سے متعلق بنگلہ دیش کی درخواست زیر غور ہے، جبکہ نئی دہلی میں ہونے والی پریس کانفرنس سے بھارتی حکومت کا کوئی تعلق نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت، بنگلہ دیش کے مطلوب شخص کو مداخلت کی کھلی چھوٹ دے رہا ہے، حسینہ واجد عدالت سے سزا یافتہ ہیں، میجر جنرل (ر) طارق رشید

شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے الگ ہونے کے بعد بھارت چلی گئی تھیں اور تب سے وہ وہیں مقیم ہیں۔ بنگلہ دیش کی عدالت انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں سزا سنا چکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp