پاکستانی شوبز کی معروف جوڑی عائزہ خان اور دانش تیمور ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ دونوں کی جانب سے حالیہ دنوں میں ایک دوسرے کے لیے سوشل میڈیا پر کوئی خصوصی پوسٹ شیئر نہ کیے جانے کے بعد مداحوں کی جانب سے ان کے درمیان اختلافات اور علیحدگی سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ تاہم دونوں اداکاروں کی جانب سے طلاق یا علیحدگی کی افواہوں کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔
حالیہ دنوں میں دانش تیمور کے ڈرامہ ’ہمراہی‘ کے اختتام کے موقع پر کراچی کے نیوپلیکس سنیما میں خصوصی اسکریننگ کا انعقاد کیا گیا تاہم عائزہ خان اس تقریب میں موجود نہیں تھیں۔ مداحوں نے اس بات کو بھی نوٹ کیا کہ 8 اگست کو ان کے نکاح کی سالگرہ کے موقع پر دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کے لیے کوئی خصوصی پوسٹ سامنے نہیں آئی۔
یہ بھی پڑھیں: ’عائزہ خان کا ہانیہ عامر کے ساتھ مقابلہ جاری‘، صارفین کی اداکارہ کے لباس پر سخت تنقید
اسی دوران عائزہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک سیاہ و سفید تصویر شیئر کی جس میں وہ دونوں ہاتھوں سے اپنے کان ڈھانپے ہوئے سنجیدہ انداز میں نظر آئیں۔ ان کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اسے مختلف انداز میں دیکھنا شروع کردیا اور بعض مداحوں نے اسے مبینہ ازدواجی مسائل سے جوڑ دیا۔
View this post on Instagram
کچھ صارفین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ 14 اگست کو بھی دونوں نے کوئی خاندانی تصویر شیئر نہیں کی جبکہ بعض مداحوں نے عائزہ خان کی ’ہمراہی‘ کی تقریب میں عدم شرکت کو بھی اپنی قیاس آرائیوں کی بنیاد بنایا۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ شاید عائزہ خان نے دانش تیمور سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ دیگر صارفین نے بھی دونوں کے درمیان ممکنہ اختلافات کے حوالے سے مختلف تبصرے کیے۔
یہ بھی پڑھیں: عائزہ خان کی دبئی ڈولفن اور سیل شو سے دلکش ویڈیو سوشل پر وائرل
عائزہ خان کا شمار پاکستان کی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے ’پیارے افضل‘، ’میرے پاس تم ہو‘، ’چپکے چپکے‘ اور ’میں‘ سمیت متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ دوسری جانب دانش تیمور بھی پاکستان کے معروف اداکار ہیں اور دونوں کی شادی 2014 میں ہوئی تھی۔














