پورے پنجاب میں پانی کی فراہمی اپنی ذمہ داری سمجھتی ہوں، مریم نواز، اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اہم فیصلے

پیر 17 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبے میں صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مسلسل پانچواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں چکوال، راولپنڈی، راجن پور، فیصل آباد، مری اور اٹک کے اضلاع میں واٹر سپلائی پائپ لائن پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے مجوزہ اقدامات پر بھی غور کیا گیا، جبکہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنرز نے متعلقہ علاقوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

آبادی کے مطابق پانی کی ضرورت کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آبادی کے مطابق پانی کی ضرورت کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے اور اس کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں جہاں لوگ کندھے پر رکھ کر پانی لانے پر مجبور ہیں، وہ علاقے ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے راجن پور میں فوری طور پر 21 باؤزر مہیا کرنے کی ہدایت بھی کی، جبکہ مری میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ٹینک مہیا کرنے کا حکم دیا۔

مریم نواز شریف نے روجھان میں بیوٹیفکیشن اور دیگر پراجیکٹس لانے کی ہدایت کرتے ہوئے مری میں نئے واٹر سورس پر کام کرنے کی بھی ہدایت کی۔

چکوال میں 8 دیہات کو ترجیحی بنیادوں پر پانی کی فراہمی پر اتفاق

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ چکوال میں 32 واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں، جبکہ 237 واٹر فلٹریشن پلانٹس زیر تعمیر ہیں۔ ضلع میں 15 مثالی گاؤں اور 13 ماڈل ویلج بھی ہیں۔

پانی کی قلت کا شکار چکوال کے 8 گاؤں میں ترجیحی بنیادوں پر واٹر سپلائی فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

راولپنڈی میں 252 نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے

بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی میں 246 واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں، جبکہ مزید 252 واٹر فلٹریشن پلانٹس نئے لگائے جائیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اٹک میں 77 واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں، جبکہ 399 واٹر فلٹریشن پلانٹس زیر تکمیل ہیں۔ ضلع میں 9 مثالی گاؤں بھی بنائے جائیں گے۔

بریفنگ کے مطابق راجن پور میں 146 واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں، جبکہ 191 زیر تکمیل ہیں۔ ضلع میں 12 مثالی گاؤں اور ایک ماڈل ویلج بھی بنے گا۔

اجلاس میں راجن پور، جام پور، چک شگاری اور داجل میں واٹر سپلائی پائلٹ پراجیکٹ کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مری میں پانچ واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں، جبکہ 90 واٹر فلٹریشن پلانٹس زیر تکمیل ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فیصل آباد میں 343 واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں، جبکہ چار سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس اور 180 واٹر فلٹریشن پلانٹس زیر تکمیل ہیں۔

چک جھمرہ اور فیصل آباد کے مضافاتی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے پائلٹ پراجیکٹ پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پنجاب کے عوام کو گھر گھر صاف پانی پہنچائیں گے، مریم نواز

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی پہنچانے کا عزم غیر متزلزل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی گھر گھر پہنچا کر دم لیں گے۔ پنجاب بھر میں جہاں لوگ کندھے پر رکھ کر پانی لانے پر مجبور ہیں، وہی علاقے ترجیحات میں شامل ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پورے پنجاب میں پانی کی فراہمی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہوں، کیونکہ عوام کی خدمت میرا فرض ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp