اب آزاد کشمیر میں سیاست سے آگے بڑھ کر ریاست اور عوام کی خدمت کا وقت ہے، چوہدری طارق فاروق

پیر 17 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں اب سیاست سے آگے بڑھ کر ریاست اور عوام کی خدمت کا وقت ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں مختلف مراحل میں انتخابات کا عمل جزوی لیکن بڑی حد تک مکمل ہو چکا ہے، تاہم ڈویژن پونچھ کے اضلاع راولاکوٹ اور پلندری کی 7 نشستوں پر امن و امان کی صورتحال اور بعض دیگر ناگزیر وجوہات کی بنا پر انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ حالات معمول پر آتے ہی وہاں بھی آئین و قانون کے مطابق انتخابات کروا دیے جائیں گے اور پونچھ کے عوام اپنے نمائندے منتخب کر کے جمہوری عمل کا حصہ بنیں گے۔

چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ پونچھ ہماری تاریخ، ہماری تحریکِ آزادی اور پاکستان کے ساتھ ہماری وابستگی کا ایک نہایت اہم باب ہے۔ اس خطے کے لوگوں نے تحریکِ آزادی کشمیر میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے اور پاکستان کی دفاعی اور قومی خدمات میں بھی پونچھ کے عوام کی قربانیاں اور خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

’اس لیے پونچھ کے عوام کو یہ یقین دلانا ضروری ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے سیاسی، جمہوری اور حکومتی عمل کا لازمی حصہ ہیں۔ ان کے بغیر کوئی بھی نظام مکمل نہیں ہو سکتا۔‘

’انتخابی تلخیاں ختم کرکے مل کر آگے بڑھنا ہوگا‘

چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ اب جبکہ آزاد کشمیر میں انتخابی عمل بڑی حد تک مکمل ہو چکا ہے، ہماری تمام سیاسی جماعتوں، قائدین، کارکنوں اور ووٹرز سے مؤدبانہ اپیل ہے کہ انتخابی مقابلے کے دوران پیدا ہونے والی رنجشوں، تلخیوں اور ناراضگیوں کو اب ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات جمہوریت کا لازمی حصہ ہیں؛ ان میں اختلافِ رائے اور مقابلہ فطری امر ہے، لیکن انتخابات کے بعد ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا ہے۔

’اصل امتحان حکومت بنانے سے زیادہ اچھی حکومت کرنا ہے‘

چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں کشمیر اور پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سمیت کئی سیاسی جماعتوں نے انتخابات میں حصہ لے کر عوام سے مینڈیٹ حاصل کیا ہے۔ اب اصل امتحان حکومت بنانے سے زیادہ اچھی حکومت کرنے کا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئینی طور پر جس جماعت کو اکثریت حاصل ہوتی ہے، وہ حکومت بناتی ہے؛ لیکن حکومت کسی ایک جماعت، گروہ، علاقے یا ووٹر کی نہیں بلکہ پورے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ہوتی ہے۔ اس لیے حکمرانی کا مقصد سیاسی تقسیم کو بڑھانا نہیں بلکہ عوام کو ریلیف، انصاف، روزگار، تعلیم، صحت اور بہتر سہولیات فراہم کرنا ہونا چاہیے۔

’نوجوانوں کی بے روزگاری اور مایوسی سب سے بڑا چیلنج ہے‘

چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ آج ہمارا سب سے بڑا چیلنج ہمارے نوجوانوں کی بے روزگاری اور ان میں پیدا ہونے والی مایوسی ہے۔ ہماری جامعات، کالجز، تعلیمی ادارے، ہسپتال اور دیگر عوامی ادارے بھی فوری توجہ اور اصلاحات کے متقاضی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہمارے نوجوان کیوں ناراض ہیں، ہمارے ادارے عوام کی توقعات پوری کیوں نہیں کر پا رہے اور ان مسائل کا فوری اور عملی حل کیسے نکالا جا سکتا ہے۔

’انتخابی اعتراضات کے لیے آئینی و قانونی راستہ موجود ہے‘

چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ انتخابی نتائج کے حوالے سے جہاں کہیں کسی کو اعتراض ہے، وہاں آئین اور قانون نے باقاعدہ راستہ فراہم کر رکھا ہے۔ انتخابی ٹریبونلز موجود ہوں گے، اعتراضات اور شکایات وہاں پیش کی جا سکتی ہیں اور جہاں کہیں کسی کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہو، ہمیں یقین ہے کہ قانون کے مطابق اس کا جلد از جلد ازالہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے آئینی اور قانونی اداروں پر اعتماد کرنا چاہیے۔

’گورننس بہتر بنانے اور ادارہ جاتی اصلاحات کی ضرورت‘

چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ اب ہماری توجہ گورننس کو بہتر بنانے، ادارہ جاتی اصلاحات لانے، ترقیاتی نظام کو مؤثر بنانے اور عوام کو وہ سہولیات فراہم کرنے پر ہونی چاہیے جن کے وہ حق دار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں ایک ایسی دیانت دار، جواب دہ اور مؤثر حکومت کی ضرورت ہے جو بروقت فیصلے کرے، لوگوں کی مشکلات سنے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔

چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن اپنے قائد محترم جناب نواز شریف کے ویژن اور ان کی گزشتہ روز دی گئی ہدایات اور پالیسی بیان کے مطابق ایک ایسی عوامی، جمہوری اور ذمہ دار حکومت تشکیل دینے جا رہی ہے جو جموں کشمیر کے عوام کی امنگوں کی ترجمان ہو۔

’تحریکِ آزادی کشمیر ہماری قومی ذمہ داری ہے‘

چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ تحریکِ آزادی کشمیر ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے حکومت آزاد کشمیر، سیاسی جماعتوں اور حکومتِ پاکستان کے درمیان باہمی مشاورت اور ایک مؤثر، متفقہ اور دور رس لائحۂ عمل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا بنیادی بیانیہ حقِ خودارادیت پر مبنی ہے اور اسے مزید مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

’ریاست، عوام، پاکستان اور تحریکِ آزادی کشمیر کے مفادات پر متحد ہونا ہوگا‘

چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ آج ہمیں اپنے اختلافات کو اپنی کمزوری نہیں بلکہ جمہوری قوت بنانا ہے۔ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن ریاست، عوام، پاکستان اور تحریکِ آزادی کشمیر کے بنیادی مفادات پر ہمیں متحد ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اپنے دفاعی اداروں کو تقویت دینا، قومی یکجہتی کو مضبوط کرنا اور آزاد کشمیر میں ایسا پُرامن، مستحکم اور ترقی یافتہ ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے ہمارے دشمن کو کسی غلط فہمی کی گنجائش نہ رہے۔

’پونچھ سمیت تمام علاقوں کو برابر اہمیت حاصل ہے‘

چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر تمام سیاسی رہنماؤں، کارکنوں، ووٹرز اور آزاد کشمیر کے تمام شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ انتخابات میں جو ہونا تھا، وہ ہو گیا۔ جو کمی رہ گئی ہے وہ ہمیں اتحاد و اتفاق کی فضا پیدا کر کے دور کرنی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جہاں قانونی اعتراضات ہیں، ان کا راستہ آئین اور قانون نے متعین کر دیا ہے۔ اب ہمیں ماضی کی تلخیوں میں الجھنے کے بجائے مستقبل کی تعمیر کے بارے میں سوچنا ہے۔

چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ ہم سب آزاد جموں و کشمیر کے شہری ہیں۔ ڈویژنز اور اضلاع ہماری انتظامی تقسیم ہیں، ہمارے دلوں کے درمیان کوئی دیوار نہیں۔ پونچھ ہو، مظفرآباد ہو، میرپور ہو یا کوئی اور علاقہ، ہم سب کی خوشحالی، امن، ترقی اور عزت ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔

’اب سیاست سے آگے بڑھ کر مستقبل کی تعمیر کا وقت ہے‘

انہوں نے کہاکہ سیاسی اختلاف کو دشمنی نہ بنائیں، انتخابی مقابلے کو مستقل محاذ آرائی میں تبدیل نہ کریں اور ذاتی و سیاسی رنجشوں سے اوپر اٹھ کر آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کریں۔

انہوں نے کہاکہ اب وقت ہے کہ ہم سیاست سے آگے بڑھیں، اتحاد پیدا کریں، گورننس بہتر بنائیں، نوجوانوں کو امید دیں، عوام کو ریلیف دیں اور آزاد جموں و کشمیر کو ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار خطہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp