پاکستانی فلمی صنعت کی معروف اور سدا بہار اداکارہ شبنم نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان سے بے پناہ محبت اور عزت ملی جسے وہ آج بھی دل سے یاد کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی یاد انہیں بہت ستاتی ہے اور دل چاہتا ہے کہ وہ اڑ کر پاکستان پہنچ جائیں۔
شبنم نے گزشتہ روز اپنی 80ویں سالگرہ منائی جس پر دنیا بھر سے مداحوں اور چاہنے والوں نے انہیں مبارکباد کے پیغامات بھیجے۔ ڈھاکا سے گفتگو کرتے ہوئے شبنم نے کہا کہ پاکستان سے انہیں بے انتہا پیار ملا۔ ان کے بقول اس سے بڑھ کر محبت اور کیا ہو سکتی ہے کہ مداحوں نے اپنی بیٹیوں کے نام بھی ان کے نام پر رکھے۔
یہ بھی پڑھیں: دانش تیمور سے طلاق کی خبروں کے بعد اداکارہ عائزہ خان نے خاموشی توڑ دی
لیجنڈری اداکارہ نے اپنے فلمی سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دور کے تقریباً تمام مقبول ہیروز کے ساتھ کام کیا تاہم اداکار ندیم کے ساتھ ان کی سب سے زیادہ فلمیں بنیں اور دونوں کی جوڑی کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔
پاکستان سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے شبنم نے کہا کہ انہیں پاکستان بہت یاد آ رہا ہے اور ان کا دل چاہتا ہے کہ ’ہوا میں اُڑتی ہوئی پاکستان پہنچ جاؤں‘۔
یہ بھ ی پڑھیں: ہالی ووڈ اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر کا آخری انٹرویو کیوں وائرل ہو رہا ہے؟
شبنم کا شمار پاکستانی فلمی صنعت کی ان مقبول اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے کئی دہائیوں تک سلور اسکرین پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے فلمی کیریئر میں بڑی تعداد میں اردو کے علاوہ بنگالی اور پنجابی فلمیں بھی شامل ہیں جبکہ ندیم کے ساتھ ان کی کامیاب جوڑی آج بھی مداحوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔














