ذکا اشرف کی نامزدگی، چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کیسے ہوگا؟

منگل 20 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہبازشریف نے ذکا اشرف اور مصطفی رمدے کا نام پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے رکن کے طور پر نامزد کر دیا ہے۔ نامزدگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخاب کے مرحلے کا آغاز ہو جائے گا۔

نجم سیٹھی کی سربراہی میں بننے والی عبوری کمیٹی کی مدت نوٹیفیکیشن کے مطابق 21 جون کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کمشنر بطور نگران چئیرمین پی سی بی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

پی سی بی کے چیف الیکشن کمشنر رانا شہزاد بدھ 21 جون سے نگران چیئرمین کے طور پر ذمہ داریاں سر انجام دیں گے جبکہ پی سی بی کے آئین شق 7 کے سیکشن 2 کے مطابق الیکشن کمشنر چیئرمین کے انتخاب کے لیے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس طلب کریں گے اور یہ اجلاس چئیرمین کا عہدہ خالی ہونے کے 4 ہفتوں کے اندر اندر بلایا جائے گا۔ بورڈ آف گورنرز کے خصوصی اجلاس میں موجود ممبران میں سے اکثریتی ووٹ حاصل کرنے والے رکن چئیرمین منتخب ہوں گے۔

بورڈ آف گورنرز میں وزیراعظم کے 2 کے نامزد کردہ نمائندگان کے علاوہ 16 ریجنز کے 4 نمائندگان، جبکہ ڈیپارٹمنٹ کے 4 نمائندے بھی بورڈ آف گورنرز میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکریٹری بھی پی سی بی کے ممبر بورڈ آف گورنر کی حیثیت سے اجلاس میں شریک ہوتے ہیں تاہم انہیں ووٹ دینے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔

ذکا اشرف کی نامزدگی کے بعد چیف الیکشن کمشنر چیئرمین کے انتخابات کے لیے خصوصی اجلاس کی تاریخ کا اعلان کریں گے جس میں 3 سال کی مدت کے لیے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp