حکومت پاکستان نے ملک کی توانائی کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور ممکنہ عالمی بحرانوں سے نپٹنے کے لیے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو کے قیام کا امکاناتی جائزہ باقاعدہ طور پر شروع کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے عالمی شہرت یافتہ کنسلٹنسی فرم ‘ووڈ میکنزی کو مسابقتی عمل کے بعد منتخب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرولیم قیمتیں روز تبدیل کرنا پڑتی ہیں، علی پرویز ملک
وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ووڈ میکنزی کی ٹیم اور اٹک ریفائنری، پی آئی ڈی ای، پاکستان ایل این جی لمیٹڈ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے اہم نکات اور حکومتی حکمت عملی
توانائی کی سیکیورٹی اور قومی سلامتی: وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے واضح کیا کہ توانائی کا تحفظ براہ راست قومی سلامتی سے جڑا ہوا ہے۔ آبنائے ہرمز میں حالیہ تناؤ اور عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں نے ملک میں پیٹرولیم ذخائر کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت کو مزید واضح کر دیا ہے۔
عالمی آئل کمپنیوں کے لیے بونڈڈ اسکیم
وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پہلے ہی بین الاقوامی آئل کمپنیوں کو پاکستان میں اپنے خرچ پر بونڈڈ اسٹوریج قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ مقامی ضرورت پوری کرنے کے ساتھ ساتھ دوبارہ برآمد بھی کیا جا سکے۔
مزید پڑھیے: ترکیہ کی پیٹرولیم کمپنی جلد پاکستان کی سمندری حدود میں کھدائی شروع کرے گی، علی پرویز ملک
امکاناتی جائزے کا دائرہ کار: ووڈ میکنزی کی یہ مطالعہ رپورٹ اسٹریٹجک ذخائر کی تکنیکی، مالیاتی، قانونی اور آپریشنل صلاحیت کا جائزہ لے گی۔ اس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل، مختصر، درمیانی اور طویل المدتی آپشنز اور موجودہ انفراسٹرکچر کے استعمال کا احاطہ کیا جائے گا۔
مرحلہ وار ترقی اور اسٹیئرنگ کمیٹی
وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کو مقررہ وقت میں ڈیٹا کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور اعلان کیا کہ منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرولیم قیمتیں روز تبدیل کرنا پڑتی ہیں، علی پرویز ملک
ووڈ میکنزی کے نمائندوں کے مطابق عالمی سطح پر بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر پاکستان کے لیے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو پر کام شروع کرنے کا یہ بہترین وقت ہے اور یہ مطالعہ پاکستان کی مخصوص ضروریات کو مد نظر رکھ کر ایک عملی حل فراہم کرے گا۔












