بلاول بھٹو زرداری سے کیا بات ہوئی؟ نبیل گبول نے بتادیا

بدھ 21 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کیا چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نبیل گبول کے بے عزتی کی؟ نبیل گپول نے خود ہی ویڈیو پیغام جاری کر کے سارا قصہ بتا دیا۔

نبیل گبول نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’کل سے میں سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہوں اور مجھے پتہ لگ رہا ہے کہ دنیا میں کتنے میرے چاہنے والے ہیں۔‘

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ جب آپ کے خلاف آپ کے مخالفین اس طرح کی سازشیں کرتے ہیں سوشل میڈیا کے ذریعے آپ کی بے عزتی و بدنامی کرتے ہیں تو اللہ ایسے وقت میں اپنے بندے کی زیادہ مدد کرتا ہے اور اس بندے کے لیے راستہ نکالتا ہے۔

’کل مئیر اور ڈپٹی مئیر کی تقریب حلف برداری کی تقریب میں، میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملا، میں نے ان سے بہت خوشگوار موڈ میں بات کی۔ میں نے بلاول بھٹو زرداری کو بتایا کہ لیاری میں 16گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، آپ اس مسئلے میں ذاتی دلچسپی لیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ بالکل ذاتی دلچسپی لیں گے، انہیں احساس ہے لیاری کے عوام کا۔‘

نبیل گبول نے کہا کہ جب میں نے بلاول بھٹو زرداری سے بات کی تو انہوں نے اسی وقت وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے کہا کہ آپ کے الیکٹرک کے سی ای او کو بلائیں، میں اسلام آباد جا رہا ہوں اور کل واپس آ کر میں میٹنگ کرنا چاہوں گا۔ یہ بات ختم ہو گئی، اتنے میں ڈپٹی مئیر آ گئے، ان کے لیے بلاول بھٹو زرداری کو اٹھ کھڑا ہونا پڑا۔

’میں نے بلاول بھٹو زرداری کو کہا کہ جب آپ اسلام آباد سے واپس آئیں گے تو نہ صرف کے الیکٹرک کے چیئرمین کو بلائیں بلکہ ایم ڈی سوئی گیس کو بھی بلائیں کیوں کہ لیاری میں سوئی گیس بھی نہیں ہے۔ اس پر چیئرمین بلاول نے مجھے کہا کہ ساری باتیں یہاں نہیں ہوں گی، بعد میں آپ سے ملوں گا اور پھر باتیں کرتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ ساری باتیں ہوئیں اور پھر سوشل میڈیا پر یہ باتیں چل گئیں کہ بلاول نے نبیل گبول کی بے عزتی کر دی، ان کو دھکا دے دیا، جنید جیڈی نے ان کو پیچھے کر دیا، جنید جیڈی میرا چھوٹا بھائی ہے، اس نے مجھے یہ ضرور کہا کہ نبیل بھائی! اپنی کرسی پر بیٹھیں کیوں کہ تقریب شروع ہونے والی ہے، پھر میں بیٹھ گیا۔ ‘

’میں یہ بات واضح کرنا چاہ رہا ہوں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے جو سوشل میڈیا پر کی جا رہی ہے۔ اگر میں لیاری کے بارے میں بات کروں گا اور لوگ سمجھتے ہیں کہ میری بے عزتی ہوئی ہے تو مجھے یہ بے عزتی قبول ہے لیکن لیاری کے عوام کو بجلی ملنی چاہیے۔ لیاری کو 16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے نجات ملنی چاہیے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp