نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار استنبول کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہوگئے، جہاں وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی وفد کے ہمراہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کونسل کے اجلاس اور شنگھائی تعاون تنظیم پلس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: استنبول میں اعلیٰ سطحی اجلاس: پاکستان اور ترکیہ کا علاقائی دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے استنبول میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ شرکت کی۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے دوطرفہ ملاقات بھی کی، اسحاق ڈار اب ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور وزیر قومی دفاع یشار گولر کے ہمراہ استنبول سے بشکیک روانہ ہوگئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار بشکیک میں وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف مصروفیات میں بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، جبکہ 2 ستمبر کو کرغزستان کے صدر ژاپاروف سے وزیراعظم کی دوطرفہ ملاقات میں بھی شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان روانہ، ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے
ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کرغزستان کا سرکاری دورہ 31 اگست سے 2 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ اس دوران پاکستان 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کونسل کی صدارت سنبھالے گا۔













