پاکستانی فلم ’شیروز‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں کنزہ ہاشمی، زارا نور عباس اور اشنہ شاہ 3 الگ کہانیوں میں مختلف کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔ فلم 18 ستمبر کو ملک بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم کے پوسٹر کی رونمائی جمعے کو کی گئی تھی جبکہ دو روز بعد ٹریلر جاری کیا گیا، جس نے فلم کی کہانی اور مرکزی کرداروں کی پہلی جھلک پیش کردی۔
یہ بھی پڑھیں: 3 اداکارائیں، 3 الگ کہانیاں، کیا فلم ’شیروز‘ سینما میں تہلکہ مچا پائے گی؟
فلم میں تین خواتین کی تین الگ کہانیاں دکھائی گئی ہیں، جن کی اپنی اپنی دنیا اور مختلف مشکلات ہیں۔ فلم کا مرکزی خیال تین لڑکیوں کی اپنی حقوق کے لیے مختلف لڑائیوں اور ایک اہم فیصلے کے گرد گھومتا ہے۔
View this post on Instagram
کنزہ ہاشمی کے حصے میں وہ ایک فنونِ لطیفہ کی نمائش گاہ میں دکھائی دیتی ہیں، جہاں وہ جھوٹ اور سچ سے متعلق ایک مشہور کہاوت کا اردو ترجمہ بیان کرتی ہیں۔ ان کے کردار کی کہانی میں جعلی پینٹنگز کا معاملہ بھی دکھائی دیتا ہے۔
زارا نور عباس ایک پولیس افسر کے کردار میں نظر آئیں گی۔ ٹریلر میں انہیں بم ناکارہ کرتے، تیز رفتار گاڑیاں چلاتے اور موٹر سائیکل پر پولیس اسٹیشن پہنچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بین الاقوامی اعزاز یافتہ پاکستانی فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کو سندھ میں نمائش کی اجازت کیوں نہ مل سکی؟
اشنہ شاہ نے فلم میں ایک باکسر کا کردار ادا کیا ہے۔ ٹریلر میں انہیں باکسنگ کی تربیت حاصل کرنے کے بعد رنگ میں حریف کا مقابلہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
View this post on Instagram
’شیروز‘ کی ہدایت کاری ثاقب خان اور بدر محمود نے کی ہے جبکہ محسن علی، ہاشم ندیم اور آمنہ مفتی نے فلم کی کہانی تحریر کی ہے۔ عمران حسین فلم کے پروڈیوسر ہیں۔
فلم کو محکمہ اطلاعات سندھ کی سرپرستی حاصل ہے، جبکہ تماشا فلمز اسے پیش کررہی ہے اور اورینٹ ڈسٹری بیوشن پاکستان بھر میں اس کی نمائش کرے گا۔
’شیروز‘ 18 ستمبر کو ملک بھر کے سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔














