دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی اور مسلسل 2 میچوں میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ میں پیدا ہونے والا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بیٹنگ کنسلٹنٹ مصباح الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اختلافات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مصباح الحق نے اپنا استعفیٰ ای میل کے ذریعے پی سی بی کو بھجوا دیا ہے اور ایک ماہ کا نوٹس پیریڈ شروع کردیا ہے، جس کی تکمیل کے بعد وہ بورڈ سے مکمل طور پر الگ ہوجائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عاقب جاوید نے ٹیم سلیکشن کی ذمہ داری قبول کرلی
سابق قومی کپتان نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بیٹنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داری سے بھی دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ کے انتخاب میں مصباح الحق سے مناسب مشاورت نہ کیے جانے پر اختلافات پیدا ہوئے۔
ایک اور ذریعے کے مطابق پی سی بی کی جانب سے سلیکشن کمیٹی سے بعض وضاحتیں طلب کیے جانے کے بعد مصباح الحق نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
مصباح الحق نے استعفیٰ کیوں دیا؟
پی سی بی نے سلیکٹرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے امام الحق اور محمد رضوان کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنے کی وجوہات، انتخاب کے معیار اور دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے متعلق 24 گھنٹے میں وضاحت طلب کی تھی۔
تاہم مصباح الحق کے استعفے کی حتمی وجوہات کے حوالے سے پی سی بی کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
مصباح الحق کو پی سی بی نے سرفراز احمد کے ہمراہ سلیکشن کمیٹی کا رکن مقرر کیا تھا۔ دونوں نے عاقب جاوید کے ہمراہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان بھی کیا تھا۔
مزید پڑھیں: لندن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ، محسن نقوی کا صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے سے گریز
دوسری جانب انگلینڈ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پی سی بی نے ٹیم اور مینجمنٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے دورہ انگلینڈ کے دوران 7 کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا ہے۔
ان میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، علی عثمان، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
پی سی بی نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ریلیز کردیا ہے، جس کے بعد قومی ٹیم کی مینیجمنٹ اور سلیکشن کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال مزید بڑھ گئی ہے۔
مزید پڑھیں: لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کو ایک اور دھچکا، کپتان بابر اعظم بخار میں مبتلا
ادھر لارڈز ٹیسٹ کے تنازع میں مرکزی کردار سمجھے جانے والے امام الحق لندن سے خاموشی سے لاہور پہنچ گئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں انہین چہرے پر ماسک لگائے سکیورٹی حصار میں ایئرپورٹ کے ڈپارچر لاؤنج سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ان کے ساتھ لندن سے پاکستان آنے والے محمد رضوان نے دوحا سے اسلام آباد کی پرواز لی اور خاموشی سے وطن واپس پہنچ گئے۔
قومی ٹیم کی مسلسل شکستوں، کھلاڑیوں کی ریلیز، کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں اور اب مصباح الحق کے استعفے نے پاکستان کرکٹ میں جاری بحران کو مزید نمایاں کردیا ہے۔














