افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران ملک کے 14 صوبوں میں طالبان کے خلاف کم از کم 43 کارروائیاں کیں، جن میں 74 طالبان ارکان ہلاک اور 35 زخمی ہوئے۔
افغان انٹرنیشنل کے مطابق یونائیٹڈ فرنٹ نے یکم اگست سے اگست کے اختتام تک جاری رہنے والی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حملوں میں ان طالبان ارکان کو نشانہ بنایا گیا جن پر افغان شہریوں کی گرفتاری، تشدد اور ہراساں کرنے کے الزامات ہیں۔
The Afghanistan United Front says it carried out at least 43 operations against the Taliban in 14 provinces over the past month, claiming 74 Taliban members were killed and 35 others wounded.https://t.co/N4jnEDvBb4 pic.twitter.com/pkDA8CkHn6
— Afghanistan International English (@AFIntl_En) September 1, 2026
یونائیٹڈ فرنٹ کے ترجمان ہلال کاکڑ نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ سب سے اہم کارروائی قندھار میں طالبان کے ایک فوجی کور پر براہِ راست حملہ تھا، جبکہ سب سے بڑا حملہ ہلمند کے ضلع نوزاد میں ایک فوجی اڈے پر کیا گیا۔ ان کے مطابق کارروائیوں میں طالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچا جبکہ فرنٹ کے جنگجوؤں نے کچھ گولہ بارود بھی قبضے میں لیا۔
ہلال کاکڑ نے کہا کہ فرنٹ افغان عوام کو طالبان سے نجات دلانے اور ایک خوشحال و آزاد افغانستان کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔
یونائیٹڈ فرنٹ نے کہا ہے کہ طالبان حکومت کے خاتمے اور عوام کی مرضی پر مبنی نظام حکومت کی بحالی تک وہ ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔
رپورٹ کے مطابق فرنٹ نے گزشتہ ماہ قندھار، ہلمند، بادغیس، غور اور فریاب سمیت مختلف علاقوں میں حملوں کی ویڈیوز بھی جاری کیں، جن میں مبینہ طور پر ہلاک طالبان ارکان کی لاشیں دکھائی گئی ہیں۔
سابق افغان فوجی کمانڈر سمیع سادات کی قیادت میں یونائیٹڈ فرنٹ نے یکم اگست کو طالبان اور دیگر مسلح گروہوں کے خلاف فوجی کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔














