میرے ساتھ 12 سال سے ایک جن موجود ہے‘، اداکار محسن گیلانی کا حیران کن دعویٰ

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف پاکستانی اداکار و پروڈیوسر سید محسن گیلانی نے جنات سے متعلق حیران کن دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود کو ’جنات کا بادشاہ‘ سمجھتے ہیں اور ایک جن گزشتہ 12 برس سے ان کے ساتھ ہے۔

محسن گیلانی نے یہ دعویٰ ایک پوڈ کاسٹ کے دوران کیا۔ جنات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ اس وقت بھی ایک جن موجود ہے جس کا نام ’نجیب‘ ہے۔ ان کے مطابق یہ جن ان کے والد کے انتقال کے بعد گزشتہ 12 سال سے ان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے آباؤ اجداد کے ساتھ بھی جنات کا تعلق رہا ہے اور بعض ایسے لوگ بھی موجود ہیں جنہیں قرآن کے علم کی بنیاد پر جنات کے حوالے سے خاص معلومات حاصل ہوتی ہیں۔

محسن گیلانی نے جنات کے بارے میں عام تصورات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ان سے غیر ضروری طور پر خوفزدہ ہوتے ہیں جبکہ ان کے بقول جنات انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ صرف اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنات بچوں کے ساتھ کھیل بھی سکتے ہیں اور بعض اوقات چیزیں اٹھا کر دوبارہ رکھ دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: والدہ کے جنازے میں شرکت کیوں نہ کی؟ اداکارہ جیا علی نے وجہ بتادی

انہوں نے کہا کہ جنات بھی اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہیں اور ان کے بھی مختلف مذہبی فرقے ہوتے ہیں۔ محسن گیلانی کے مطابق جنات انسانوں کے حکم پر کام کرنے یا ان کی خدمت کرنے کے پابند نہیں جبکہ انسان ایک برتر مخلوق ہیں۔

گفتگو کے دوران انہوں نے اداکار احسن خان کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے دعوے کی تائید کا بھی ذکر کیا۔ محسن گیلانی نے کہا کہ احسن خان سے اس حوالے سے پوچھا جا سکتا ہے اور وہ ماضی میں ملتان میں حضرت بہاؤالدین زکریا کے مزار پر رات کے وقت پیش آنے والے ایک واقعے کے بارے میں بتا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’جنات سے بات کی تو گم شدہ پیسے واپس مل گئے‘، اداکارہ آمنہ ملک کا انکشاف

محسن گیلانی نے گفتگو کے دوران روحانی وظائف کے حوالے سے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔ انہوں نے سورۃ الرحمٰن اور سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کی جانب سے عظیم تحفے قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سورۃ الرحمٰن کی تلاوت یا سماعت کے ساتھ اس کا ترجمہ بھی پڑھنا یا سننا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض افراد نے سورۃ الرحمٰن کے ذریعے شفا حاصل ہونے کے تجربات بھی بیان کیے ہیں۔

محسن گیلانی نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ صحت کے مسائل کی صورت میں سورۃ الرحمٰن اور سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp