مانسہرہ کے علاقے موسیٰ کا مصلیٰ کے مقام سے 30 اگست کی شام لاپتا ہونے والے غیر ملکی سیاح الیگزنڈر کی لاش پراچہ چاؤں والا نالہ سے برآمد کرلی گئی۔
ریسکیو 1122 مانسہرہ کی ٹیم نے 4 روز سے جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے بعد سیاح کا جسد خاکی نکال لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موسیٰ کا مصلیٰ سے واپسی پر لاپتا ہونے والے آئرش سیاح الیگزنڈر کی لاش 3 روز بعد اکھوڑی میڈوز پراچہ سے برآمد ہوئی۔ سیاح کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122، پولیس، محکمہ جنگلات اور مقامی افراد پر مشتمل ٹیموں کی جانب سے 3 روز سے سرچ آپریشن جاری تھا۔
اب آئرش سیاح الیگزنڈر کی لاش مانسہرہ منتقل کردی گئی ہے، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد اپنے ملک بھیجنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
پولیس کے مطابق 13 ہزار 500 فٹ بلند چوٹی سے آئرلینڈ کے سیاح کے لاپتا ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ سیاح اپنے ایک دوسرے غیر ملکی دوست کے ہمراہ موسیٰ کا مصلیٰ چوٹی پر گیا تھا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ دونوں غیر ملکی سیاح بغیر این او سی کے موسیٰ کا مصلیٰ چوٹی پر گئے تھے۔














