برطانوی ٹیکنالوجی کمپنی ڈائسن نے کیمرے، مشین لرننگ اور باریک پانی کے فوارے سے لیس جدید الیکٹرک مسواک ’کیمرا جیٹ‘ متعارف کرا دی ہے۔
ڈائسن کے بانی جیمز ڈائسن نے یکم ستمبر 2026 کو پیرس میں اس جدید مسواک کو پیش کیا۔ کمپنی کے مطابق اس میں ’گیپ آپٹیکل ٹارگٹنگ‘ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جس کے لیے ایک لاکھ پکسل کا میکرو کیمرہ نصب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فِلنگ اور امپلانٹس کا دور ختم ہونے والا ہے؟ سائنسدان انسانی دانت دوبارہ اگانے کے نزدیک
کیمرا فی سیکنڈ 28 تصاویر لیتا ہے اور دانتوں کے درمیان موجود خلا کی 100 ملی سیکنڈ کے اندر نشاندہی کرکے خودکار طور پر منہ صاف کرنے والے محلول کا مخروطی فوارہ خارج کرتا ہے، جس سے دانتوں کے درمیان موجود میل کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ڈائسن کے مطابق اس ٹیکنالوجی کی تیاری میں 6 سال سے زائد عرصہ لگا اور اسے دانت صاف کرنے، خلال کرنے اور کلی کرنے کے عمل کو ایک ہی معمول میں شامل کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ تقریباً 90 فیصد افراد باقاعدگی سے خلال نہیں کرتے، جبکہ دانت صاف کرنے کا اوسط دورانیہ تقریباً 45 سیکنڈ ہے۔
View this post on Instagram
کیمرا جیٹ میں روایتی آبی خلال کرنے والے آلات میں استعمال ہونے والے سوئی نما فوارے کے بجائے مخروطی فوارہ استعمال کیا گیا ہے۔ سنگاپور کی نیشنل یونیورسٹی کے ساتھ کیے گئے تجربات کے مطابق یہ نظام مشکل مقامات پر موجود میل کو معروف برقی مسواکوں کے مقابلے میں 69 فیصد تک زیادہ مؤثر انداز میں دور کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دانت سفید کرنے کے غیر مستند علاج کیا نقصان پہنچا سکتے ہیں؟
مسواک میں 12.5 ملی لیٹر گنجائش والا خصوصی ذخیرہ نصب ہے، جو مسواک کی سمت تبدیل ہونے کے باوجود منہ صاف کرنے والے محلول کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس کا چارجنگ مرکز ذخیرے کو صرف 3 سیکنڈ میں دوبارہ بھرنے کے ساتھ مسواک کو چارج بھی کرتا ہے۔
مسواک کے سرے میں داغ دھبوں کی صفائی کے لیے اندرونی حصے میں نسبتاً سخت ریشے جبکہ مسوڑھوں کی لکیر کے لیے بیرونی حصے میں نرم ریشے لگائے گئے ہیں۔ آر ایف آئی ڈی نظام مسواک کے سرے کے استعمال پر نظر رکھتا ہے اور تبدیل کرنے کا وقت بتاتا ہے۔
کیمرا جیٹ وائی فائی اور بلوٹوتھ کے ذریعے ’مائی ڈائسن‘ ایپ سے منسلک ہو سکتی ہے، جہاں صارف کو رہنمائی پر مبنی صفائی کے معمولات، دانتوں کی صفائی کا نقشہ اور ذاتی نوعیت کی رائے فراہم کی جاتی ہے۔
قیمت اور دستیابی
ڈائسن کی کیمرے سے لیس یہ جدید مسواک کمپنی کی ویب سائٹ پر سیرامک الٹرا بلیو اور سیرامک پنک رنگوں میں دستیاب ہے۔ اس کی قیمت 499 امریکی ڈالر ہے، جبکہ پیکج میں 2 عام مسواک کے سرے، چارجنگ مرکز، چارجنگ تار اور سفری کیس شامل ہیں۔














