پی آئی اے کے نئے یونیفارم معروف ڈیزائنر حسن شہریار یاسین تیار کریں گے

جمعرات 22 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے نئے یونیفارم ڈیزائن کرنے کے لیے معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین کا انتخاب کر لیا ہے۔ نئے یونیفارمز کی رونمائی 31 اکتوبر کو لندن سے اسلام آباد کے لیے پی آئی اے کے نئے بوئنگ 787 طیارے کی پہلی پرواز کے موقع پر کی جائے گی۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایئرلائن نے گزشتہ ماہ کراچی میں ملک کے معروف فیشن ڈیزائنرز کو نئے یونیفارمز تیار کرنے کی دعوت دی تھی۔ پیش کردہ ڈیزائنز میں جدت، معیار اور پی آئی اے سمیت پاکستان کے ثقافتی ورثے کو نمایاں کرنے کی صلاحیت کی بنیاد پر حسن شہریار یاسین کے ڈیزائن منتخب کیے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ 31 اکتوبر کو لندن سے اسلام آباد آنے والی بوئنگ 787 کی پہلی پرواز میں عملہ نئے یونیفارمز پہن کر مسافروں کا استقبال کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کی نجکاری مکمل، نئی انتظامیہ کا روڈ میپ کیا ہے؟

پی آئی اے کی انتظامیہ مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف تبدیلیاں کر رہی ہے، جن میں جدید اور تفریحی سہولتوں سے آراستہ طیاروں کی شمولیت، موجودہ طیاروں کی نشستوں اور کیبن کی بہتری، عملے کے لیے نئے انتظامات اور کھانے کے مینو میں تبدیلیاں شامل ہیں۔

معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین

ترجمان کے مطابق نئے یونیفارمز پی آئی اے میں تبدیلی اور جدت کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp