سری نگر ایئرپورٹ پر انڈیگو طیارہ پارکنگ کے دوران پول سے ٹکرا گیا

جمعہ 4 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقبوضہ جموں و کشمیر کےدارالحکومت سری نگر بین الاقوامی ایئرپورٹ پر نئی ممبئی سے آنے والا ہندوستانی ایئر لائن انڈیگو (IndiGo) کا ایک مسافر طیارہ پارکنگ کے دوران پول سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارے کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم فلائٹ میں موجود تمام مسافر اور عملے کے اراکین مکمل طور پر محفوظ رہے۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق انڈیگو کی پرواز 6E 225 ممبئی سے سری نگر پہنچنے کے بعد صبح 9:02 بجے بے نمبر 06 (Bay No. 06) پر پارک کی جا رہی تھی کہ اس دوران طیارہ ویژول ڈاکنگ گائیڈنس سسٹم (VDGS) کے پول سے جا ٹکرایا۔ حادثے کے فوراً بعد مینول سیڑھیوں کی مدد سے تمام مسافروں اور عملے کو محفوظ طریقے سے نیچے اتار لیا گیا۔

ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق متعلقہ حکام مقررہ طریقہ کار کے تحت اس حادثے کی بنیادی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں اور مکمل انکوائری کے بعد ہی حتمی وجہ سامنے آ سکے گی۔

یہ بھی پڑھیے احمد آباد طیارہ حادثہ، بھارتی تاریخ کے بدترین فضائی سانحات میں المناک اضافہ

ترجمان نے مزید واضح کیا کہ اس واقعے کے باوجود ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشنز متاثر نہیں ہوئے اور تمام پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری رہی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ سے نئی دہلی آنے والے ایئر انڈیا کی پرواز کے کپتان ممنوعہ نشہ آور اشیا استعمال کرکے اپنے ’فرائض‘ سرانجام دیتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔

ایئر انڈیا کی پرواز (AI-2379) کے کپتان کی جانب سے پرواز کے بعد کیے گئے ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ نشہ آور مادے (ماریجوانا/چرس) کے استعمال کے باقاعدہ ثبوت سامنے آئے تھے۔ تحقیقاتی رپورٹ اور ذرائع کے مطابق پائلٹ ان کمانڈ سدیپ وشسٹ کا ابتدائی اور تادیبی تصدیقی ٹیسٹ (Confirmatory Test) دونوں ہی مثبت آئے ہیں۔

4 اگست کو فوکٹ سے دہلی آتے ہوئے اڑیسہ کی فضائی حدود میں ایئر انڈیا کے A320 طیارے کو اچانک شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں طیارہ محض چند سیکنڈز میں تقریباً 300 فٹ نیچے آ گرا۔ اس اچانک گراوٹ کے باعث فلائٹ میں سوار 137 مسافروں اور عملے کے 8 اراکین میں شدید بھگدڑ مچ گئی اور کم از کم 20 مسافر و عملے کے 4 اراکین زخمی ہو گئے تھے۔

بعدازاں تحقیقاتی رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے بھارتی پائلٹ ابھینندن کے ’گوا ایئر لائنز‘ جوائن کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کے طنزیہ تبصرے

جب طیارے کا کنٹرول متاثر ہوا اور اس نے اونچائی کھوئی، اس وقت چیف پائلٹ سدیپ وشسٹ اپنی نشست پر موجود ہی نہیں تھے اور طیارہ کو۔پائلٹ کے کنٹرول میں تھا۔

دہلی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد پائلٹ اپنے قدموں پر ٹھیک سے کھڑے ہونے کی پوزیشن میں نہیں تھے اور انہیں پیشاب کا نمونہ (Urine Sample) دینے کے لیے بھی تفتیشی افسر کی مدد لینا پڑی۔

اپنے بیان میں پائلٹ نے دعویٰ کیا کہ وہ نیند کی کمی اور ذاتی مسائل کی وجہ سے خاندانی ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوا لے رہے تھے اور پرواز کے لیے مقررہ وقفے کے دوران انہیں نیند نہیں آ رہی تھی۔

اس واقعے اور رپورٹس کے منظرِ عام پر آنے کے بعد ایئر انڈیا انتظامیہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اپنی تمام پروازوں اور ایئر انڈیا ایکسپریس کے تمام پائلٹس کا مکمل ڈوپ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp