پاکستان کی جونیئر ویمن ہاکی ٹیم نے اے ایچ ایف جونیئر ایشیا کپ 2026 میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے چیلنجر پول کے افتتاحی میچ میں ہانگ کانگ چائنا کو 2-0 سے شکست دے دی۔ شارقہ نے دونوں گول کرکے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
جمعے کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم پہلے تین کوارٹرز میں ہانگ کانگ کی دفاعی لائن کو توڑنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ شارقہ نے 34ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی، جبکہ 48ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے ٹیم کی برتری 2-0 کردی۔
پاکستانی ٹیم نے دوسرے گول کے بعد بھی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا، جبکہ دفاع میں بھی بھرپور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ ہانگ کانگ چائنا کی ٹیم پاکستانی دفاع کو عبور کرکے گول کرنے میں ناکام رہی۔ یوں پاکستان نے میچ میں کلین شیٹ برقرار رکھتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی۔
میچ کے دوران پاکستان جونیئر ویمن ٹیم نے الاسکا بیٹریز کی اسپانسر کردہ جرسیز پہنیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ٹیم کی شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آئندہ میچز میں بھی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔














