شاہد آفریدی سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے سفیر مقرر

جمعہ 4 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا اسپورٹس ایمبیسیڈر (سفیر) مقرر کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’طویل عرصے بعد کراچی آیا مگر مجھے ایک بار پھر مایوسی ہوئی‘، شاہد آفریدی شہر قائد کا حال دیکھ کر پھٹ پڑے

سماء ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شاہد آفریدی کی جانب سے تقرری کی پیشکش قبول کرنے پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس نے مایہ ناز کرکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اس رول کو قبول کرنا سندھ پولیس کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔

مرکزی پولیس آفس (سی پی او) میں شاہد آفریدی کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں انہیں رسمی طور پر تقرری کی سند پیش کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کھیلوں کو فروغ دینا ہمیشہ سے محکمہ پولیس کی ترجیحات میں شامل رہا ہے۔

اس موقعے پر شاہد آفریدی نے کہا کہ سندھ پولیس کا اسپورٹس ایمبیسیڈر بننا ان کے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ پولیس کی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونا اور اس کی طرف سے کھیلنا ان کے بچپن کا خواب تھا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ وہ کراچی میں پیدا ہوئے اور ایک وقت تھا جب سندھ پولیس کی 3 کرکٹ ٹیمیں ہوا کرتی تھیں۔

مزید پڑھیے: شاہد آفریدی نے حکومت کی طرف سے دیا گیا تمغہ امتیاز شہدائے وطن کے نام کردیا

شاہد آفریدی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp