چین میں نایاب برفانی چیتوں کی پوری فیملی ایک فریم میں

ہفتہ 5 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں واقع وولونگ نیشنل نیچر ریزرو نے ایک نایاب ویڈیو جاری کی ہے جس میں 4 برفانی چیتے ایک ہی منظر میں دکھائی دے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق صوبے میں پہلی مرتبہ برفانی چیتوں کی اتنی تعداد کو ایک ساتھ کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چترال میں نایاب برفانی چیتے کی پراسرار ہلاکت، انکوائری کمیٹی تشکیل

وولونگ نیشنل نیچر ریزرو کے مطابق، جہاں کم از کم 26 برفانی چیتے موجود ہیں، یہ ویڈیو جون میں ریکارڈ کی گئی تھی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برفانی چیتے کے تین بچے اپنی ماں کے پیچھے چلتے ہوئے آہستہ آہستہ کیمرے کے قریب آتے ہیں۔

ایک اور ویڈیو میں تینوں بچے گھاس پر کھیلتے اور ایک دوسرے کے ساتھ اٹھکیلیاں کرتے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ اس دوران ان کی ماں خوراک کی تلاش میں وہاں موجود نہیں تھی۔

ایک الگ منظر میں 2 بچے گھاس کے ایک ٹکڑے کے ساتھ کھیلتے ہوئے بھی نظر آئے۔

ماہرین کے مطابق تینوں بچے تقریباً 3 ماہ کی عمر کے ہیں، برفانی چیتے عموماً تنہائی پسند جانور ہوتے ہیں اور بچے تقریباً 2 سال کی عمر کے بعد اپنی ماں سے الگ ہو کر آزادانہ زندگی گزارنا شروع کر دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: گوجرانوالہ: تھیم پارک میں وائلڈ لائف کی کارروائی، غیر قانونی طور پر رکھے گئے 4 نایاب چیتے برآمد

برفانی چیتے چین میں کلاس اے کے تحت محفوظ جنگلی جانور قرار دیے گئے ہیں، یہ جانور وسطی اور جنوبی ایشیا کے ہمالیائی علاقوں میں سطح سمندر سے تقریباً 2,500 سے 4,500 میٹر کی بلندی پر پائے جاتے ہیں۔

چین میں برفانی چیتوں کی موجودگی صوبوں گانسو، چنگھائی، سیچوان اور یوننان کے علاوہ تبت اور سنکیانگ کے خودمختار علاقوں میں بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp