کینسر کی خبر ملی تو لگا موت قریب ہے، منیشا کوئرالا کا انکشاف

اتوار 6 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ منیشا کوئرالا نے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد گزرنے والے مشکل اور تنہائی بھرے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیماری کی تشخیص کے بعد کی پہلی رات ان کی زندگی کی ’سب سے تنہا اور طویل رات‘ تھی جب انہیں محسوس ہوا کہ شاید وہ مرنے والی ہیں۔

منیشا کوئرالا کو 2012 میں اسٹیج فور اوویریئن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، بیماری کے علاج کے دوران انہیں 11 گھنٹے طویل سرجری اور کیموتھراپی کے کئی مراحل سے گزرنا پڑا۔

ایک سال بعد 2013 میں وہ اس موذی مرض کو شکست دینے میں کامیاب ہوئیں اور اس کے بعد سے وہ اپنی بیماری، صحت یابی اور زندگی کے بارے میں تبدیل ہونے والے نقطۂ نظر پر کھل کر بات کرتی رہی ہیں۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں منیشا کوئرالا نے کینسر کے سفر کے دوران محسوس ہونے والی شدید تنہائی کا ذکر کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ جس دن انہیں کینسر کی تشخیص کے بارے میں بتایا گیا، اسی رات انہیں شدید خوف اور تنہائی نے گھیر لیا۔

ان کے مطابق اس وقت انہیں ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے وہ مرنے والی ہیں، انہوں نے کہا کہ کینسر نے انہیں یہ احساس دلایا کہ ایک مریض کس قدر تنہا محسوس کر سکتا ہے۔

منیشا نے اپنی سماجی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ کی تقریبات میں شرکت اور لوگوں کے درمیان گھلنے ملنے میں بھی انہیں دشواری محسوس ہوتی تھی، تاہم کام کا حصہ ہونے کی وجہ سے وہ ایسی تقریبات میں شرکت کرتی رہیں۔

انہوں نے اس دور کو اپنی زندگی کا ’انتہائی خوفناک اور تکلیف دہ‘ وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات انسان حالات کو قبول کر لیتا ہے، کیونکہ زندگی مختلف جذبات اور تجربات کا مجموعہ ہے، تاہم انسان ہجوم میں بھی خود کو تنہا محسوس کر سکتا ہے۔

منیشا کوئرالا کو آخری بار نیٹ فلکس کی سیریز ’ہیرامنڈی‘ میں دیکھا گیا تھا، جس میں ان کی اداکاری کو خاصی پذیرائی ملی۔

اداکارہ نے حال ہی میں کھٹمنڈو میں منعقدہ این ڈی ٹی وی ورلڈ انوشکا سمٹ میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے سیاست میں جنریشن زی کے کردار اور نوجوانوں کی ذمہ داریوں پر گفتگو کی۔

واضح رہے کہ ستمبر 2025 میں نیپال میں جنریشن زیڈ کی قیادت میں ہونے والے احتجاج نے اُس وقت کے وزیراعظم کے پی شرما اولی کی حکومت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا تھا، جس کے بعد بالیندر شاہ کی قیادت میں نئی حکومت قائم ہوئی۔

بھارت میں بھی نوجوانوں نے مبینہ امتحانی پرچوں کے افشا سمیت مختلف معاملات پر احتجاج کیا تھا۔

منیشا کوئرالا نے نوجوان نسل کی توانائی اور بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھانے کے جذبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا اپنے حکمران طبقے سے جواب طلب کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو دانش اور تجربے کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ احتساب اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات بھی اتنے ہی اہم ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp