پاکستانی شہری نے بگ ٹکٹ میں 41 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم جیت لی

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات میں مقیم 64 سالہ پاکستانی تاجر شوکت آفتاب نے مشرقِ وسطیٰ کی معروف ’بگ ٹکٹ‘ قرعہ اندازی میں 15 ملین درہم، قریباً 41 لاکھ ڈالر (ایک ارب 14 کروڑ پاکستانی روپے) کی خطیر رقم جیت لی۔

مزید پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک اور فتح، جھوٹا الزام عائد کرنیوالے چینل پر 15 ملین ڈالر ہرجانہ

شوکت آفتاب کو 3 ستمبر کو ہونے والی براہِ راست قرعہ اندازی میں بگ ٹکٹ کا گرینڈ پرائز فاتح قرار دیا گیا۔ خوش قسمت پاکستانی شہری نے بتایا کہ کامیابی کی اطلاع ملنے پر ابتدا میں انہیں یقین نہیں آیا کیونکہ وہ اس وقت سفر پر تھے، تاہم انعام جیتنے پر وہ انتہائی خوش ہیں۔

شوکت آفتاب کے مطابق انہوں نے قریباً 15 سال قبل بگ ٹکٹ کے بارے میں سنا اور اس کے بعد مسلسل قرعہ اندازی میں حصہ لیتے رہے، بعض اوقات ایک ساتھ 2 ٹکٹ بھی خریدتے تھے۔ ماضی میں وہ دوستوں کے گروپ کے ساتھ بھی حصہ لیتے رہے تاہم اس بار جیتنے والا ٹکٹ انہوں نے اکیلے خریدا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ انعامی رقم کے حوالے سے سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے، رقم کا ایک حصہ سرمایہ کاری اور بچت کے لیے مختص کریں گے جبکہ ضرورت مند اور کم خوش قسمت افراد کی مدد بھی کریں گے۔

بگ ٹکٹ انتظامیہ کے مطابق شوکت آفتاب کے لیے یہ کامیابی صرف ذاتی خوشی کا موقع نہیں بلکہ دوسروں کی مدد کا ذریعہ بھی ہے۔

مزید پڑھیں:یورپ کا دفاعی نظام میں بڑا یو ٹرن، اربوں ڈالر کا حیرت انگیز منصوبہ منظرِ عام پر آگیا

دلچسپ بات یہ ہے کہ خطیر رقم جیتنے کے باوجود شوکت آفتاب نے بگ ٹکٹ میں شرکت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور دوسروں کو بھی قسمت آزمانے کی ترغیب دی ہے۔

بگ ٹکٹ کے مطابق آئندہ براہِ راست قرعہ اندازی 3 اکتوبر کو ہوگی، جس میں گرینڈ پرائز 20 ملین درہم رکھا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp