چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرِ صدارت الیکشن کمیشن میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈیجیٹل آفس، مصنوعی ذہانت اور الیکشن کمیشن کی نئی جدید ویب سائٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں:چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں تاخیر کی ذمہ دار اپوزیشن ہے، کنور دلشاد
چیف الیکشن کمشنر نے جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن میں مصنوعی ذہانت کا خصوصی ونگ قائم کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
اے آئی ونگ الیکشن کمیشن کے مختلف شعبوں کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا تاکہ ادارے کی استعدادِ کار میں جدت لانے کے ساتھ روزمرہ دفتری امور مزید مؤثر انداز میں انجام دیے جاسکیں۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ 15 اکتوبر 2026 تک ڈیجیٹل آفس سے متعلق تمام ونگز کے عملے کی تربیت مکمل کی جائے، جبکہ دسمبر کے آخری ہفتے تک الیکشن کمیشن میں مکمل ڈیجیٹل ای آفس نظام نافذ کردیا جائے۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کی نئی متحرک، رنگین، انٹرایکٹو اور عوام دوست ویب سائٹ لانچ کرنے کی بھی منظوری دی گئی، جس کا مقصد تمام متعلقہ فریقین کو معلومات اور خدمات تک زیادہ مؤثر رسائی فراہم کرنا ہے۔














