چین کی تاریخی عظیم دیوارِ چین کے روشن و دلکش پس منظر میں روایتی چینی دھنوں اور پاکستانی صوفی قوالی کی گونج نے بیجنگ کے وانگ جِنگ اسکوائر کو مسحور کن بنا دیا۔
پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر 2026 بیجنگ انٹرنیشنل گریٹ وال کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع ’آہنی دوستی کے نام‘ رکھا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پہلی بار چینی ڈریگن بوٹ فیسٹیول، دریائے کابل پر پاک چین دوستی کا تاریخی جشن
تقریب کا اہتمام بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر نے مشترکہ طور پر کیا، جبکہ یان چھنگ ڈسٹرکٹ کی عوامی حکومت نے اس سلسلے میں معاونت فراہم کی۔
تقریب کے دوران چینی روایتی موسیقی کے ساتھ پاکستانی صوفی قوالی کی پیشکش نے شرکا کو محظوظ کیا اور دونوں ممالک کی ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کی خوبصورت عکاسی کی۔
Zain Ali and Zohaib Ali delivered an incredible performance of Thagyan at the China Great Wall Concert in Badaling, creating a truly unforgettable musical moment. pic.twitter.com/h4N7ouX6sr
— Pak-China Today (@PakChinaToday) September 8, 2026
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ عظیم دیوارِ چین کا یہ مقام پاک چین تعلقات کے تاریخی اور تہذیبی روابط کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بادالنگ کے علاقے میں واچ ٹاورز 6 اور 7 کے درمیان واقع عظیم دیوارِ چین کے حصے کی 1989 میں حکومتِ پاکستان کے تعاون سے بحالی کی گئی تھی، جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی ایک نمایاں علامت ہے۔
سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ موسیقی جذبات کو آواز دیتی ہے جبکہ رقص انہیں شکل اور حرکت عطا کرتا ہے۔

’دونوں فنون مل کر ثقافتی ورثے کو محض یاد رکھنے کی چیز کے بجائے ایک زندہ تجربے میں تبدیل کر دیتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ ثقافتی تقریب پاکستان اور چین کے درمیان موجود دیرینہ ثقافتی قربت کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے، جو دونوں ممالک کے طویل المدتی سفارتی اور معاشی شراکت داری کو تقویت دیتی ہے۔
اس منفرد ثقافتی تقریب میں اعلیٰ سفارتی حکام، پاکستان کے سابق وزرائے خارجہ، سابق سفرا، چینی شخصیات اور فنکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں دونوں ممالک کے مشترکہ ثقافتی ورثے اور فنون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کی گہرائی کو اجاگر کیا گیا۔













