روس کے شمالی قفقاز کے علاقے کباردینو بلکاریا میں کوہ پیماؤں کے ایک گروپ پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے، جبکہ 6 دیگر کوہ پیماؤں کی تلاش جاری ہے۔
مقامی ہنگامی امدادی اداروں کے مطابق حادثہ شام تقریباً 5 بجے مزیہرگی پہاڑ پر پیش آیا، جہاں 33 کوہ پیماؤں کا گروپ موجود تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 9 سال سے لاپتا کوہ پیماؤں کی باقیات کی تلاش میں تاخیر کیوں؟
روس کے شمالی قفقاز کی بلند ترین چوٹیوں میں شمار ہونے والے اس پہاڑ سے اچانک برفانی تودہ نیچے آ گرا اور کوہ پیماؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
At least 11 climbers were killed and six others injured after an avalanche from Mount Mizhirgi struck a group of 33 climbers in Russia’s Kabardino-Balkaria region. pic.twitter.com/uys0GkDHsK
— Breaking911 (@Breaking911) September 7, 2026
امدادی حکام کے مطابق پیر کی صبح تک 10 کوہ پیما خود پہاڑ سے بحفاظت نیچے اترنے میں کامیاب ہوگئے تھے، تاہم 6 افراد کے بارے میں تاحال کوئی معلومات نہیں مل سکیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کےگاشربرم 4 پر روسی کوہ پیما حادثے کا شکار، ایک لاپتا، 3 شدید زخمی
حادثے کے بعد 50 سے زائد امدادی کارکنوں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا، امدادی کارروائیوں میں دشوار گزار پہاڑی علاقہ اور مزید برفانی تودے گرنے کا شدید خطرہ مشکلات پیدا کر رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے، تاہم خراب اور خطرناک موسمی و جغرافیائی حالات کے باعث امدادی ٹیموں کو انتہائی احتیاط سے کام کرنا پڑ رہا ہے۔














