ریونیو اہداف کے حصول کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے، وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایت

منگل 8 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت محکمہ ان لینڈ ریونیو کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مقررہ ریونیو اہداف کے حصول، ٹیکس نیٹ میں توسیع اور محصولات کی وصولی کے نظام سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری سردار عدنان خورشید، سیکریٹری ان لینڈ ریونیو یونس میر، کمشنر ان لینڈ ریونیو باصل صدیق، سیکریٹری سی بی آر ڈاکٹر شازیہ، انصل حمید اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سیکریٹری ان لینڈ ریونیو نے وزیراعظم آزادکشمیر کو محکمانہ کارکردگی، ریونیو وصولیوں اور مقررہ اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے ہدایت کی کہ محکمہ مقررہ ریونیو اہداف کے حصول کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرے اور محصولات کی وصولی کے نظام کو مزید بہتر اور فعال بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ریاستی وسائل میں اضافے اور مالی استحکام کے لیے ریونیو وصولیوں میں بہتری ناگزیر ہے، اس مقصد کے لیے ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

ٹیکس نظام آسان، شفاف اور عوام دوست بنانے کی ہدایت

وزیراعظم افتخار گیلانی نے ہدایت کی کہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جائے اور ٹیکس کے نظام کو مزید آسان، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے تاکہ شہریوں اور کاروباری افراد کو ٹیکس کی ادائیگی میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیکس امور میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور انتظامی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے ان لینڈ ریونیو سے متعلق عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی مؤثر اور بروقت پیروی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

ریونیو اہداف کی مؤثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کرنے کی ہدایت

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریونیو اہداف کے حصول کے لیے باقاعدگی سے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے اور اس سلسلے میں مؤثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے۔

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں مکانیت کے مسائل کو حل کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp