سعودیہ کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، پاکستان کا حوثی حملوں پر سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

منگل 8 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری اور اقتصادی اہداف پر کیے گئے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کے شہروں ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری اور اقتصادی اہداف پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان نے کہاکہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جو پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور یمن کے تنازع کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

پاکستان نے حملوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے اس جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے کہ وہ اپنے علاقے کے دفاع، اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ اور اپنے قومی اثاثوں کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے۔

پاکستان نے کہاکہ وہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp