ریبیز کے مریضوں کے علاج میں مبینہ غفلت، محکمہ صحت سندھ کے افسران سمیت 7 ملازمین معطل

منگل 8 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اینٹی ریبیز پروگرام کا فالو اپ اجلاس ہوا، جس میں ریبیز کے مریضوں کے علاج میں مبینہ غفلت پر محکمہ صحت کے 7 افسران اور اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

معطل کیے جانے والوں میں 3 میڈیکل افسران، ایک خاتون میڈیکل افسر اور 3 دیگر پیرامیڈکس شامل ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان میں تعینات ڈاکٹر نوید الرحمٰن اور ڈاکٹر غلام اظہر کو معطل کردیا گیا ہے، جبکہ ٹی ایچ کیو اسپتال ٹنڈو غلام حیدر کی ڈاکٹر پارس، فرزانہ بلوچ اور شازیہ خادم کو بھی معطل کیا گیا ہے۔

اینٹی ریبیز سینٹر شاہ بھٹائی اسپتال لطیف آباد کے ڈاکٹر ارباز انہر انصاری کو بھی معطل کردیا گیا، جبکہ شاہ بھٹائی اسپتال حیدرآباد کے ڈسپنسر محمد ارشد کو بھی معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔

اجلاس میں ریبیز کے شکار مریضوں کی دیکھ بھال میں کوتاہی پر متعدد سینئر طبی و انتظامی حکام سے وضاحت بھی طلب کی گئی۔

لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد کے ایم ایس اور ڈی ایچ او ٹنڈو محمد خان سے وضاحت طلب کی گئی، جبکہ شاہدادپور انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر، ڈی ایچ کیو ٹنڈو الہیار اور تعلقہ اسپتال کوٹری کے ایم ایس سے بھی جواب طلب کرلیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران کتے کے کاٹنے سے متاثرہ تقریباً 45 ہزار مریضوں کا علاج کیا گیا۔

بریفنگ کے مطابق صوبے میں اینٹی ریبیز ویکسین کی ایک لاکھ 38 ہزار جبکہ ریبیز امیونوگلوبیولن کی تقریباً 5 ہزار خوراکیں فراہم کی گئیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سندھ بھر میں ریبیز کے علاج کی استعداد میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ صوبے کے تمام 278 اینٹی ریبیز یونٹس کا عالمی ادارۂ صحت کے معیارات کے مطابق آڈٹ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ طبی یا انتظامی تاخیر سے کسی مریض کی زندگی خطرے میں نہیں پڑنی چاہیے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو ویکسین اور طبی ضابطے کے مطابق ریبیز امیونوگلوبیولن فوری فراہم کیا جائے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے اینٹی ریبیز ڈیش بورڈ پر کیسز، علاج کے شیڈول اور ویکسین کے ذخیرے کی معلومات باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

آصف حیدر شاہ نے واضح کیا کہ آئندہ ریبیز کیس میں بدانتظامی کو متعلقہ ضلع کی انتظامی ناکامی تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریبیز کیسز میں بدانتظامی کو متعلقہ ضلع افسران کی کارکردگی کی جانچ میں بھی شامل کیا جائےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp