رشوت طلب کرنے کی ویڈیو وائرل، اسلام آباد پولیس اہلکار گرفتار

جمعرات 10 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس میں سخت خود احتسابی کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے نالائق اور بدعنوان عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ ناکے پر شہری سے رشوت طلب کرنے کے الزام میں کانسٹیبل بیام کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس میں کرپشن کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہوا جا رہا ہے اور وردی کی آڑ میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے اسلام آباد پولیس کے سابق ایس پی کو سزائے موت سنا دی گئی

انہوں نے کہا کہ گرفتار کانسٹیبل کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، کیونکہ کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف محض محکمانہ کارروائی ہی نہیں بلکہ سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

قاضی علی رضا کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی اہلکار قانون سے بالاتر نہیں ہے اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والے اہلکاروں کے لیے اسلام آباد پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

پولیس ترجمان اور ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق اسلام آباد پولیس میں بلاامتیاز خود احتسابی کا عمل شفاف انداز میں جاری رہے گا تاکہ محکمے کی ساکھ کو برقرار رکھا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp